یمنی فوج کے البیضا ء میں نئے حملوں سے 25 حوثی باغی ہلاک

 
0
438

یمنی فوج کے البیضا ء میں نئے حملوں سے 25 حوثی باغی ہلاکالبیضاء میں حوثیوں کے خلاف لڑائی جاریِ ،حوثیوں کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے،یمنی جنرل 
صنعاء 27جولائی(ٹی این ایس)یمنی فوج نے صوبہ البیضاء میں واقع ضلع الملاجم کو حوثی باغیوں کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرانے کے لیے نئی کارروائی شروع کی ہے اور پہلے روز اس کے حملوں میں پچیس حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن کے مغربی علاقے میں بیہان بریگیڈ کے کمانڈر جنرل مفریح بہاء اللہ کے مطابق حوثیوں کے خلاف کارروائی الحجفہ کے علاقے سے شروع کی گئی تھی اور سرکاری فوج عفر تک پہنچ گئی ہے ۔اس طرح چالیس کلومیٹر کا علاقہ آزاد کرا لیا گیا ہے اور عفر میں داخلے کے لیے مزید اٹھارہ کلومیٹر کا علاقہ آزاد کرانے کی ضرورت ہے۔ البیضاء شہر سمیت مختلف علاقوں میں حوثی ملیشیا کی کمک کو روکنے کے لیے یہ ایک اہم تزویراتی سنگم پر واقع ہے۔یمنی جنرل نے ان اطلاعات کی تصدیق کی کہ علاقے میں حوثیوں کے خلاف لڑائی جاری ہے اور اس میں ان کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔

انھوں نے حوثیوں کے پچیس جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کی اور کہا کہ لڑائی میں دس حوثی زخمی ہوگئے اور یمنی فوج نے ان کے قبضے سے مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کر لیے ۔انھوں نے مزید کہا کہ البیضا ء کی تمام گورنری کی آزادی اب تھوڑے ہی وقت کا معاملہ رہ گیا ہے اور یمن کے تمام علاقوں کی آزادی تک حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔