کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کاسید علی گیلانی اور دیگر کشمیریوں کی مسلسل نظر بندی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
سرینگر28جولائی(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین سید علی گیلانی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے کشمیر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس تنازعے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عمران خان اور ان کی جماعت تحریک انصاف کو عام انتخابات میں کامیابی پر اپنی اور کشمیریوں کی طرف سے مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور امن واستحکام کیلئے دعا کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ایک مضبوط و مستحکم پاکستان کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گی۔سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کو تنازعہ کشمیر کے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیلئے پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کی بات چیت کی پیش کش کا مثبت جواب دینا چاہیے ۔
سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت نے 1947 ء میں فوجی طاقت کے بل پر کشمیر پر قبضہ کیا اور اس نے گزشتہ ستر برس سے کشمیریوں کا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دبا رکھا ہے جس کے حصول کیلئے کشمیری مصروف جدوجہد ہیں۔سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت نے اب تک چھ لاکھ کے قریب کشمیریوں کو اپنا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت مانگنے کی پاداش میں شہید کیا۔یاد رہے کہ قابض انتظامیہ نے سیدعلی گیلانی کو گزشتہ 8برس سے سرینگر میں اپنے گھر میں نظر بند کر رکھا ہے ۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں امتیاز احمد شاہ، سید محمد شفیع، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، محمد یوسف نقاش، بشیر اندرابی، نثار حسین راتھر ، سید امتیاز حیدر اور دیگر نے سید علی گیلانی کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی اور جیلوں، تھانوں اور تفتیشی مراکز میں بند کشمیریوں کی حالت زار کیخلاف سرینگر کے حیدر پورہ چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کیے ۔ انہوں نے سید علی گیلانی اور دیگر نظربندوں کی رہائی کامطالبہ کیا۔ حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں حریت کے جنرل سیکرٹری غلام نبی سمجھی کی گھر میں مسلسل نظر بندی کی مذمت کی ہے۔