یونان میں دو ٹرینیں ٹکرانے سے 26 افراد ہلاک، ’بہت خوفناک رات ہے‘

 
0
152
یونان میں دو ٹرینوں کے ٹکرانے سے کم از کم 26 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے یونانی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثہ دارالحکومت ایتھنز اور تھیسالونیکی شہروں کے درمیان اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر گاڑی مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجے میں کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور ان میں آگ لگ گئی۔
لاریسا شہر کے ہسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 25 کی حالت تشویشناک ہے۔
حادثے کے بعد فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان ویسیلیس ورتھاکوئیس کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ کارروائی میں درجنوں ایمبولینسز حصہ لے رہی ہیں۔‘
یونان کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ریسکیو ورکرز ہیڈ لیمپس لگا کر سخت دھوئیں میں کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں اور جلنے والی بوگیوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تھیسیلی کے گورنر کوستس ایگوریتس نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ ’یہ خوفناک رات ہے اس منظر کے بارے میں بتانا بھی بہت مشکل ہے۔‘

’ٹرین کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ ہم کرین لانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ پٹڑی پر سے بوگیاں اور ملبہ ہٹایا جائے جو کہ ہر طرف پھیلا ہوا ہے اور ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں مدد کے لیے فوج سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
ریل آپریٹر ہلینیک نے حادثے سے حوالے سے بتایا کہ شمال سے مسافر گاڑی تھیسالونیکی کی طرف جا رہی تھی جس میں 350 مسافر سوار تھے، جو حادثے کا شکار ہوئی۔
محفوظ رہنے والے یا معمولی زخمی ہونے والے مسافروں کو بسوں کے ذریعے تھیسالونیکی پہنچایا جا رہا ہے جو جائے حادثہ سے تقریباً 130 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔