پاکستان میں اب افراد کا نہیں اداروں اور قانون کا راج ہوگا، بابراعوان

 
0
397

اسلام آباد جولائی 30(ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کےعوام نے ملک میں تبدیلی کے لئے ووٹ دیا، اداروں کے ساتھ تحریک انصاف کا نیا سفر شروع ہوا ہے، پاکستان میں اب افراد کا نہیں اداروں اور قانون کا راج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ ایکشن2018 آئین کےعین مطابق ہوئے، الیکشن کے انعقاد کا کریڈٹ الیکشن کمیشن و دیگر اداروں کو جاتا ہے اور الیکشن 2018 پرعوام نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ملک کے اداروں کو مضبوط کرے گی، اداروں میں میرٹ ہونا چاہئے، لوگوں کی حیثیت نہیں ہونی چاہئے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کےعوام نے ملک میں تبدیلی کے لئے ووٹ دیا، اداروں کے ساتھ تحریک انصاف کا نیا سفر شروع ہوا ہے، اداروں سے قانونی خامیاں دورکرکے میرٹ پر تعیناتیاں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے کرم سے خیبرپختونخوا میں دوسری دفعہ حکومت کا موقع ملا، پاکستان میں اب افراد کا نہیں اداروں اور قانون کا راج ہوگا۔بابر اعوان نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے پاس اکثریت ہے، مسلم لیگ ق کو اپنے ساتھ ملا کر ہم بہت آگے چلے گئے ہیں، کس کو کونسا عہدہ ملے گا پارٹی چیئرمین اس سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سدھو نے کہا عمران خان کے آنے سے پاکستان کیلئے امید پیدا ہوگئی ہے، پی ٹی آئی حکومت میں آتے ہی 100 روزہ ایجنڈے پر عمل شروع کرے گی۔گذشتہ روز پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہوں گے جو الیکشن میں قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں سے کامیاب ہوئے ہیں، بلوچستان میں اتحادی حکومت بنے گی جبکہ مرکز، کے پی اور پنجاب میں تحریک انصاف گورنمنٹ بنائے گی، چیئرمین پی ٹی آئی ہر ایک چیز پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔