طلال چوہدری توہین عدالت کےمرتکب قرار، 5 سال کیلئے نا اہل

 
0
302

اسلام آباد اگست 2 (ٹی این ایس )سپریم کورٹ نے ن لیگی رہنما طلال چوہدری کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیدیا ۔تفصیلات کے مطابق عدالت نے طلال چوہدری کو توہین عدالت کے مرتکب قرار دیتے ہوئے عدالت برخاست ہونے تک کی سزا سنائی اور پانچ سال کیلئے نااہل قرار دیدیا گیاہے جبکہ انہیں ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیاہے ۔

جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کا فیصلہ سنایا ۔واضح رہے کہ یکم فروری کو عدلیہ مخالف تقریر پر آرٹیکل 184 (3) کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔طلال چوہدری نے جڑانوالہ کے جلسے میں مبینہ طور پر ججز کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی، وہ اس سے قبل بھی پاناما کیس کے سلسلے میں شریف خاندان کے مالی اثاثوں کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی اور عدلیہ پر تنقید کرچکے ہیں۔طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ نے 11 جولائی کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جو آج سنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ ن لیگی رہنما دانیال عزیز کو بھی یہی سزا سنائی گئی تھی تاہم انہیں جرمانہ نہیں کیا گیا تھا، دانیال عزیز نے بھی عدالت سے معافی نہیں مانگی تھی اور کہتے رہے کہ انہوں نے توہین عدالت نہیں کی ہے۔