کراچی اگست 3 (ٹی این ایس)کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں سرکاری اسکول پر قبضے کے کیس میں نامزد ملزم ریاض مہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال بلاک 6میں واقع گورنمنٹ علی محمد اقبال بوائر اینڈ گرلز ایلیمنٹری اسکول پر قبضے کے مقدمے میں گرفتار ہونے والے ملزم ریاض مہر کے علاوہ ایک اور ملزم صوبہ خان کوبھی نامزد کیا گیا ہے۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کو گلشن اقبال سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ اسکول پر قبضے کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم صوبہ خان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کراسکول کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی،ملزمان کے خلاف تھانہ گلشن اقبال میں مقدمہ درج ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گلشن اقبال بلاک 6میں واقع سرکاری اسکول کی عمارت پر لینڈ مافیا نے قبضہ کرنے کیلئے تالا لگادیا تھا جس کے باعث گورنمنٹ اسکول آنے والے بچوں اور اساتذہ نے سڑک پر تدریسی عمل شروع کر دیا تھا۔اسکول ہیڈ ماسٹر طارق کے مطابق بااثر افراد نے کروڑوں روپے کی اراضی پر قبضہ کرنے کے لیے اسلحے کے زور پر تالا لگا دیا جس کی وجہ سے بچے اسکول میں داخل نہیں ہوسکے۔سیکریٹری تعلیم عالیہ شاہد کو جب معاملے کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور اسسٹنٹ کمشنر نے رابطہ کیا جس کے بعد تالا کھولا گیا۔سیکرٹری تعلیم عالیہ شاہد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لینڈ مافیا کے اراکین نے اسکول پر تالا ڈالا، ان کا دعویٰ تھا کہ اسکول ان کی گوٹھ کی زمین پر ہے جبکہ اسکول45سال پرانا ہے اور اس پر اس وقت تعمیر و مرمت کا بھی کام جاری ہے تاہم معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے اب ہم کسی سرکاری اسکول پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ قومیائے گئے اسکولوں کے کرائے کا مسئلہ بھی چل رہا ہے، اسے بھی حل کریں گے اور کسی کو کوئی اسکول ہتھیانے نہیں دیں گے۔