بلوچستان، نو منتخب رکن احمد علی قتل کے مقدمے میں بھی نامزد نکلا

 
0
541

کوئٹہ اگست 06(ٹی این ایس):کوئٹہ سے بلوچستان اسمبلی کا نو منتخب رکن احمد علی کوہزاد افغان شہری قرار دیئے جانے کے بعد اب قتل کے مقدمے میں بھی نامزد ہے۔کوئٹہ کے حلقہ پی بی 26 سے بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے احمد علی کوہزاد نادرا کی جانب سے غیر ملکی قرار دیئے جانے کے بعد ایک اور مشکل میں پھنس گئے۔

احمد علی کوہزاد جنوری میں ہونے والے ایک قتل کے مقدمے میں سی آئی اے پولیس کو مطلوب نکلے۔ پولیس کے مطابق 23 جنوری کو کوئٹہ کے علاقے مری آباد میں احمد علی کوہزاد کے خالی پلاٹ سے لاپتہ جیولر محمد حفیظ کی لاش ملی تھی جس پر ورثاء نے نو منتخب ایم پی اے سمیت پانچ افراد کو نامزد کیا۔

پولیس کے اعلیٰ حکام نے مقدمے کی تفتیش سی آئی اے پولیس کو منتقل کی جس نے مقدمے میں نامزد پلاٹ کے تین مالکان کو گرفتار کرلیا جبکہ کوئٹہ کے مقامی عدالت سے احمد علی کوہزاد سمیت دو مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔احمد علی کوہزاد کی پاکستانی شہریت سے متعلق مقدمے کی سماعت بھی کل بلوچستان ہائی کورٹ میں ہوگی۔