پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر کی عمران خان سے ملاقات، انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی

 
0
316

ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان کی مدد کو تیار ہیں،جین فرانکوئز کاؤٹن 
پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر یورپی یونین کو کوئی اعتراض نہیں ،پاکستان میں ترقی و استحکام کے خواہاں ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی سے گفتگو
اسلام آباد ، اگست 07 (ٹی این ایس):پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئز کاؤٹن نے کہا ہے کہ یورپی یونین فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان کی مدد کو تیار ہے،پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر یورپی یونین کو کوئی اعتراض نہیں ،پاکستان میں ترقی و استحکام کے خواہاں ہیں ۔پیر کو پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئز کاؤٹن نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئز کاؤٹن نے کہا کہ یورپی یونین تحریک انصاف کی حکومت کیساتھ کام کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور سیکیورٹی، معیشت، جی پی ایس، تعلیم اور دیہی ترقی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان کی مدد کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں ہے بلکہ وہ پاکستان میں ترقی و استحکام کی خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم رکن ممالک سے پاکستان کیلئے سرمایہ کاری حاصل کرنے میں بھی نومنتخب حکومت کی معاونت کرینگے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یورپی یونین کی سفیر کی پاکستان میں ترقی و استحکام کی خواہش کا خیر مقدم کیا۔ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور ڈاکٹر شہزاد وسیم بھی موجود تھے۔