سکھر شہر میں پبلک پارکس پر غیر قانونی قبضے اور ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کیلئے پولیس اور رینجرز کی مدد سے آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ 

 
0
778

سکھر، اگست 07 (ٹی این ایس):سکھر شہر میں پبلک پارکس پر غیر قانونی قبضے اور ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کے لئے پولیس اور رینجرز کی مدد سے بدھ کے دن سے آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،یہ فیصلہ کمشنر سکھر ڈویژن منظور علی شیخ کی زیر صدارت ان کے آفس میں پارکس پر قبضے ہٹانے کے سلسلے میں تشکیل کردہ اوور سائیٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ،ڈی سی رحیم بخش میتلو ،ایس ایس پی سکھر شیراز احمد اور میونسپل کمشنر سمیت رینجرزاور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ اس موقع پرکمشنر سکھر ڈویژن منظور علی شیخ نے ڈی سی سکھر کو ہدایت کی کہ میونسپل کمشنر اور ایس ایس پی سے مل کر آپریشن کے لئے پلان بنایا جائے اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے ، بوقت رینجرسے بھی مدد طلب کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ پبلک پارکس پہ قبضے اور ناجائز تجاوزات کی ڈی مارکیشن کے لئے روینیو اور سروے ڈپارٹمنٹ کے افسران کو میونسپل عملے کی مدد کے لئے مقرر کیا جائے اور زیڈ کیٹیگری میں آنے والے پارکوں پر ایکشن پہلے لیا جائے ۔میونسپل کمشنر سکھر فہیم خان نے بتایا کہ پارکوں پر ناجائز تجاوزات قائم کرنے والوں کو نوٹسز دیئے گئے ہیں ،آپریشن کے لئے مشینری اور ٹیمز مکمل طور پر تیار ہیں ۔کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ اب مزید فائنل نوٹسز کی ضرورت اور وقت نہیں ہے بلکہ اب فوری ایکشن کرنا ہے ۔کمشنر سکھر ڈویژن نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پارکوں کے پلاٹوں پر غیر قانونی قبضے ہٹانے ہیں اور لیز سے زیادہ ایک انچ کا قبضہ بھی ختم کرنا ہے اس ضمن میں کوئی بھی رعایت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ دوسرے مرحلے میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پرانے لیز کے دستاویز اور ریٹس پر نظر ثانی کی جائے گی تا کہ ادارے کی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے ۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ زمینی حقائق میں جو پارک موجود ہی نہیں رہے ان کے حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے اور غلط بیانی سے کام نہ لیا جائے ۔ اجلاس میں مئیر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قبضے اور ناجائز تجاوزات ہٹانے کے سلسلے میں ضلعی انتطامیہ سے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔