شکاگو میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں7 گھنٹوں کے دوران چار افراد ہلاک اور 40 زخمی

 
0
363

شکاگو ،اگست 08 (ٹی این ایس): امریکا کے تیسرے بڑے شہر شکاگو میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں7 گھنٹوں کے دوران چار افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شکاگو پولیس کے گشتی یونٹ کے سربراہ فریڈ والر نے ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ فائرنگ کے بیشتر واقعات شہر میں سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کی باہمی چپقلش کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان واقعات کے دوران بعض مقامات پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جب کہ بعض افراد کو ہدف بنا کر گولیاں ماری گئیں۔پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں نے ایک گھر میں ہونے والی پارٹی، ایک تدفین کے بعد ہونے والی تعزیتی تقریب اور دیگر اجتماعات کو نشانہ بنایا۔یہ تمام واقعات ایسے وقت پیش آئے جب شکاگو کے مرکزی علاقے میں ایک بڑے میوزیکل کانسرٹ میں ہزاروں افراد شریک تھے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق فائرنگ کے بیشتر واقعات شہر کے مغربی علاقے میں پیش آئے جہاں صرف 3گھنٹوں کے دوران5مختلف کارروائیوں میں 25 سے زائد افراد کو گولیاں ماری گئیں۔شکاگو کا شمار امریکا کے غیر محفوظ ترین شہروں میں ہوتا ہے لیکن حالیہ برسوں کے دوران وہاں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔لیکن اپنی پریس کانفرنس میں فریڈ والر کاکہنا تھا کہ شہر کے حالات میں بہتری کو فتح قرار نہیں دیا جاسکتا اور اب بھی شہر میں قیامِ امن کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔