پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنا ٹی وی چینل لانے کی تیاریاں شروع کردیں

 
0
442

پاکستان دنیا کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والا ملک ہوگا جس کا اپنا ٹی وی چینل ہوگا ٗچینل پر میچز کے علاوہ ٹاک شوز اور پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے کے لیے دستاویزی پروگرام بھی نشر کیے جائیں گے ٗرپورٹ 
ایئر ٹائم خریدنے کے لیے ہم نے ٹینڈر طلب کر لیے ہیں اور کوئی بھی پاکستانی چینل اشتہار کو دیکھ کر پی سی بی کو اپنا ایئر ٹائم فروخت کرسکتا ہے ٗ نجم سیٹھی 
لاہور اگست 9(ٹی این ایس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنا کرکٹ ٹی وی چینل لانے کرنے کیلئے ابتدائی تیاریاں شروع کردی ہیں۔پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کے مطابق چینل کے لائسنس کے لیے ہم نے پیمرا میں درخواست دے دی ہے اور ابتدائی تیاری مکمل کر لی ہے ٗ پاکستان دنیا کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والا ملک ہوگا جس کا اپنا ٹی وی چینل ہوگا اس چینل پر کرکٹ میچوں کے علاوہ ٹاک شوز بھی دکھائے جائیں گے اور بورڈ اپنے امیج کو بہتر بنانے کے لیے مختلف دستاویزی پروگرام بھی نشر کرے گا۔ایک انٹرویو میں نجم سیٹھی نے انکشاف کیا کہ چینل شروع کرنے کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ سال میں 800 منٹ (80دن) کی لائیو کرکٹ دکھانے کے لیے اوپن ٹینڈر کے ذریعے ایئر ٹائم بھی خرید رہا ہے۔

جس چینل سے ایئر ٹائم خریدنے کی ڈیل ہوگی اس چینل پر پی سی بی انٹرنیشنل کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ کے میچ براہ راست دکھائے گا۔میچز کو ٹیلی کاسٹ کرنے کے لیے پروڈکشن حقوق کے لیے علیحدہ معاہدہ کیا جائے گا۔کم سے کم بولی دینے والے چینل سے پی سی بی5 سال کیلئے معاہدہ کرے گا جبکہ پی سی بی کا چینل آنے میں تقریباً ایک سال سے زائد کا وقت لگ سکتا ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ایئر ٹائم خریدنے کے لیے ہم نے ٹینڈر طلب کر لیے ہیں اور کوئی بھی پاکستانی چینل اشتہار کو دیکھ کر پی سی بی کو اپنا ایئر ٹائم فروخت کرسکتا ہے۔واضح رہے کہ 2006 میں شہریار خان نے بھی پی سی بی چینل شروع کرنے کے لیے ابتدائی تیاریاں کیں تھیں تاہم کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ اس منصوبے کی تکمیل نہیں کرسکا تھا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے اسٹوڈیوز بنائے گا، چینل کے لیے پروفیشنل لوگوں کی ٹیم بنائے گا جبکہ ایئر ٹائم خرید کر ہم اپنی کرکٹ کو دنیا بھر میں دکھائیں گے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت ہونے والے میچ ایک سے زائد جگہوں پر دکھائے جائیں گے۔