گلگت، پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ،3 اہلکار شہید

 
0
287

گلگت اگست 11(ٹی این ایس)گلگت کی کارگاہ جوت پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں تین پولیس اہلکار شہید، جب کہ دو اہل کار زخمی ہوگئے۔ابتدائی موصول اطلاعات کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشت گرد دیامیر کے اسکولوں پر حملوں میں ملوث تھا۔ پولیس کے مطابق چیک پوسٹ پر حملے کا واقعہ رات گئے پیش آیا۔ پولیس کی مزید نفری علاقے میں طلب کرلی گئی ہے۔شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی لاشیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ دہشت گرد کے ساتھیوں کی تلاش کیلئے علاقے میں شرچ آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ یکم اگست کو دیامیر کے مختلف ضلع کے بعض زیر تعمیر اور تکمیل کے قریب اسکولوں کو نشانہ بنایا اور آگ لگا کر نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔گلگت بلتستان کی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حملوں میں دہشت گردوں نے تقریباً چار لڑکیوں کے اسکول تباہ کیے، جب کہ سات کے قریب اسکولوں میں بچے اسکول جاتے تھے، جب کہ باقی اسکول زیر تعمیر تھے اور مکمل ہونے والے تھے۔‘

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں سرکاری اسکولوں کو نشانہ بنانے کا واقعہ اس سے پہلے علاقے میں کبھی نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق اس علاقے میں اس سے پہلے سال 2003-2004 میں اسکولوں پر حملوں کے واقعات پیش آئے تھے لیکن بعد میں یہ سلسلہ رک گیا تھا تاہم اب اچانک یہ دوبارہ ہوئے ہیں۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اگست 2013 میں چلاس میں شدت پسندی کے ایک واقعے میں سپرانٹینڈنٹ پولیس، پاکستان فوج کے ایک کرنل سمیت تین افراد شہید ہوگئے تھے، جب کہ اس واقعے سے دو ماہ پہلے جون میں دیامر کے علاقے میں دہشت گردوں نے نانگا پربت بیس کیمپ میں دس غیر ملکی اور ایک پاکستانی سیاح کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔