ملک کا دستور غیر مسلم شہریوں کو برابری کے حقوق دیتا ہے اور یہ پیپلزپارٹی ہی ہے جس نے پارلیمان میں غیر مسلم شہریوں کی نشستوں میں اضافہ کیا، سابق صدر
کراچی اگست11(ٹی این ایس)سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی غیر مسلم ہم وطنوں سے امتیازی سلوک کی مزاحمت کرتی رہے گی۔سابق صدر آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے عالمی دن پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی غیر مسلم ہم وطنوں کے حقوق کا دفاع کرتی رہے گی اور اس سے پہلے بھی کرتی رہی ہے۔ملک کا دستور غیر مسلم شہریوں کو برابری کے حقوق دیتا ہے اور یہ پیپلزپارٹی ہی ہے جس نے پارلیمان میں غیر مسلم شہریوں کی نشستوں میں اضافہ کیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ 1973 کا آئین ملک کے تمام شہریوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی پاکستان کے برابر کے شہری ہیں اور پیپلز پارٹی نے پہلی بار جنرل نشستوں پر تین غیر مسلم امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جبکہ بے نظیر بھٹو نے اقلیتی امور کا شعبہ تشکیل دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہندو شادیوں کا بل بھی پیپلزپارٹی کا مرہون منت ہے جبکہ 11اگست کو اقلیتوں کے قومی دن کے نام سے منسوب بھی پیپلزپارٹی نے کیا تھا۔