وزیراعظم بننے سے قبل عمران خان کو پاکستان کی تاریخ کا بہترین تحفہ جناح کیپ پیش کردی گئی

 
0
604

اسلام آباد اگست14(ٹی این ایس) پاکستان کے وزرائے اعظم کی طرف سے 14اگست اور دیگر ایسے قومی تہواروں پر شیروانی اور جناح کیپ پہننے کی روایت موجود ہے اور اب وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے سے پہلے عمران خان کو بھی ایک جناح کیپ تحفے میں مل گئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان کو یہ خاص تحفہ ملتان میں جناح کیپ بنانے والے عباس علی نے ایم این اے ملک عامر ڈوگر کے ذریعے 2دن قبل دیا ہے۔

اس حوالے سے عباس علی کا کہنا تھا کہ ’’میں نے یہ جناح کیپ خاص طور پر عمران خان کے لیے تیار کی ہے اور 14اگست پر پہننے کے لیے انہیں تحفے میں دی ہے۔‘‘ عباس علی کا کہنا تھا کہ ’’ہم تین نسلوں سے جناح کیپ تیار کر رہے ہیں۔ میرے دادا نے قائداعظم محمد علی جناح کے لیے بھی کئی ٹوپیاں تیار کی تھیں اور انہیں تحفے میں دی تھی۔

ان کے علاوہ برصغیر کے کئی دیگر مسلمان رہنماؤں اور قائد اعظم کے ساتھیوں کو بھی میرے دادا نے جناح کیپ کا تحفہ دیا۔ اب تک ہم ذوالفقار علی بھٹو، آصف زرداری، سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی اور سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطاء بندیال سمیت کئی اہم شخصیات کو جناح کیپ تحفے میں دے چکے ہیں۔ ‘‘