اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب: اراکین قومی اسمبلی کی آمد کا سلسلہ جاری

 
0
346

قومی اسمبلی میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا
اسلام آباد اگست 15(ٹی این ایس): قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا، اس سلسلے میں ایوان میں اراکین اسمبلی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے سید خورشید شاہ کو اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے لیے نامزد قاسم سوری اور متحدہ اپوزیشن کے سعد محمود کے درمیان بھی کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔قومی اسمبلی میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔

پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔موجودہ اسپیکر ایاز صادق نئے اسپیکرکے انتخاب تک اجلاس کی صدارت کریں گے اور اجلاس شروع ہونے کے بعد ووٹنگ کا عمل شروع ہوجائے گا۔اس دوران کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔شیڈول کے مطابق ہر ووٹر کو سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے بیلٹ پیپر جاری ہوگا اور امیدوار اپنے 2، 2 پولنگ ایجنٹوں کے نام اسپیکر کو دے سکیں گےجب تمام ووٹرز ووٹ ڈال دیں گے تو اسپیکر ووٹنگ ختم ہونے کا اعلان کریں گے اور امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوگی۔جس کے بعد اسپیکر ایاز صادق نتیجے کا اعلان کریں گے اور کامیاب امیدوار سے حلف لیں گے۔نو منتخب اسپیکر اسی طریقہ کار کے تحت ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کروائے گا۔