کشمیریوں کی  آزادی کے بغیر پاکستان کا جشن  بے روح اور تشنہ تکمیل رہے گا: سیکرٹری جنرل متحدہ جہاد کونسل شیخ جمیل الرحمٰن

 
0
415

نئی حکومت مسلہ کشمیر کو ترجیع پہ رکھےاور ہنگامی نوعیت کے اقدامات کرتے ہوئے جارحانہ سفارتی مہم شروع کرے

بھارت کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ وحشیانہ طاقت کے استعمال سے کسی دن کشمیریوں کو تھکا اور ہرا کر انھیں اپنے جابرانہ تسلط پر آمادہ کرنے میں کامیاب  ہوجائے گا: بیان

مظفر آباد اگست 15(ٹی این ایس): متحدہ جہاد کونسل کے چئیرمین  اور امیر تحریک المجاہدین  شیخ جمیل الرحمٰن نے  یوم آزادی پر اہل پاکستان کو  مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ یقیناَ 22 کروڑ مسلمانوں کے لئے خوشی و مسرت کا دن ہے تاہم جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں ملتی یہ جشن  بے روح اور تشنہ تکمیل رہے گا۔

یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں شیخ جمیل الرحمٰن نے پاکستان کی نئی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ  مسلہ کشمیر کو ترجیع پہ رکھے اور بھارت کیساتھ مذاکرات میں رائے شماری پر زور دے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کو بھارت کے پنجہ استبداد سے نجات دلانے کے لئے ہنگامی نوعیت کے اقدامات کرتے ہوئے جارحانہ سفارتی مہم شروع کرے۔

انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یوم آزادی منانے کو انسانیت و حقوق  کیساتھ ایک بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت جو دراصل ہندو فسطائی طاقتوں کے تسلط میں ہے اپنی روش سے روس جیسے انجام سے دوچار ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ  ہم بھارتی عوام کے یوم آزادی منانے کے مخالف نہیں ہیں تاہم کشمیریوں کو غلام بنائے رکھنے پر بھارت کے تعلیم یافتہ اور باشعور طبقہ کی خاموشی افسوسناک ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت و پاکستان کو ایک پلڑے میں تولا نہیں جاسکتا کہ ایک کشمیریوں کا حامی و معاون اور دوسرا ان کا مجرم و غاصب ہے۔

انھوں نے کہا کہ  بھارت کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ وحشیانہ طاقت کے استعمال سے کسی دن کشمیریوں کو تھکا اور ہرا کر انھیں اپنے جابرانہ تسلط پر آمادہ کرنے میں کامیاب  ہوجائے گا۔ کشمیریوں کی جہد مسلسل اور چوتھی نسل کے نوجوانوں کا یہ جذبہ  بتارہا ہے کہ بھارت کو ہر آنے والے دن کے ساتھ کشمیریوں کی مزاحمت میں اضافہ کا سامنا ہی کر نا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں کا جوق در جوق عسکری صفوں میں شامل ہونا اسکا بین عندیہ ہے اور شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا۔