منی لانڈرنگ اسکینڈل؛ آصف زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

 
0
349

انور مجید پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے
کراچی اگست 17(ٹی این ایس): منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 4 ستمبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے مقدمہ کے مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جن میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے کو چئیرمین آصف علی زرداری بھی شامل ہیں، عدالت نے ملزمان کو 4 ستمبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔دیگر مفرور ملزمان میں انور مجید، اسلم مسعود، عارف خان، نصیر عبداللہ حسین لوتھا، عدنان جاوید، محمد عمیر، محمد اقبال آرائیں، اعظم وزیر خان، زین ملک، نمر مجید، مصطفی ذوالقرنین کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں گرفتاراومنی گروپ کے سربراہ انورمجید اوران کے بیٹے عبدالغنی مجید کو کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش کیا گیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ملزمان پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے، ملزمان سے مزید تفتیش اورمعاملے کی تحقیقات کے لیے انہیں 14 روزکے لیے ایف آئی اے کی تحویل میں دیا جائے۔ انورمجید کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے درخواست کی مخالفت کی، فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے انور مجید اور ان کے بیٹے کو 24 اگست تک جسمانی ریمانڈ پرایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔سماعت کے بعد فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے نے انور مجید اور عبدالغنی مجید کا 14 روز کا جسمانی ریمانڈ مانگا،

ان کا کہنا ہے کہ ملزموں سے دستاویزات حاصل کرنے اور مزید تفتیش کرنی ہے لیکن ہم نے اس کی مخالفت کی، فی الحال دونوں 24 اگست تک جسمانی ریمانڈ میں ہیں اورانہیں 25 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پرفاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف علی زرداری ضمانت کراتے ہیں یا نہیں یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے لیکن وہ بھاگنے والوں میں سے نہیں، انہوں نے پہلے بھی قانون کا سامنا کیا اور اب بھی کریں گے۔واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں فاروق ایچ نائیک ہی آصف زرداری اورفریال تالپورکی جانب سے عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں۔