پنجاب کی وزارت اعلیٰ ، عثمان بزدار کا نام زیر غور

 
0
1110

لاہور اگست 17(ٹی این ایس ) پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لئے ایک اور امیدوار کا نام سامنے آ گیا ہے ۔ سردار عثمان بزدار کو پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ کیلئے فیورٹ امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے ماضی میں کئی امیدواروں کے ناموں کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جاتی رہیں اور مختلف امیدواروں کے نام لئے جاتے رہے ۔

اس سلسلے میں ذرائع نے بتایا کہ عثمان بزدار نے اس بار الیکشن میں پنجاب اسمبلی کیلئے 27027 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ عملی سیاست میں ان کا نام کوئی نیا نہیں ہے۔ عثمان بزدار پرویز مشرف کے دور میں تونسہ کے ضلع ناظم رہے اور سیاسی میدان میں اپنا کردار ادا کرتے رہے۔ان کے والد سردار فتح محمد خان بزدار قبائل کے سردار رہے اور تین بار پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ۔

اس سے قبل 2013 ء میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر پی پی 248 تونسہ سے الیکشن میں حصہ لیا تھا مگر وہ کامیابی حاصل نہیں کرسکے تھے۔آج صبح عثمان بزدار کو بنی گالہ طلب کیا گیا تھا جہاں پارٹی چیئرمین عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان اہم ملاقات ہوئی اور پنجاب کی وزارت اعلیٰ و سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا بھی حصہ رہے تھے۔ اس کے علاوہ 2002 سے 2006 تک وہ مسلم لیگ ق کے ہم خیال رہے۔