عمران خان انشاء اللہ اپنے کیے ہوئے سارے وعدے پورے کریں گے ‘یاسمین راشد 

 
0
398

تحریک انصاف عوام کو اُن کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں امن و امان کو بھی بہتر بنائے گی
لاہور اگست17(ٹی این ایس) تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ساری قوم کے ہیرو عمران خان انشاء اللہ اپنے کیے ہوئے سارے وعدے پورے کریں گے اور کسی قیمت پر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے،ماضی کی بجائے ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا ہے اور پاکستان کے عوام ہر قیمت پر ملکی مسائل کا حل چاہتے ہیں جس کیلئے اب ہم مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے پانچ سال تک پنجاب میں بھرپور اپوزیشن کردار ادا کیا اسی طرح پنجاب میں اقتدار میں آ کر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے گی سابق حکومت کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے پنجاب میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری بری طرح اپنے پنجے گاڑ چکی ہے جس کی وجہ سے لوگ فاقے اور خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں سابق حکمرانوں کے پاس عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس اور جامع حکمت عملی نہ ہونے کے باعث آج غریب خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے تحریک انصاف عوام کو اُن کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں امن و امان کو بھی بہتر بنائے گی۔سیاسی میدان میں مخالفین کا مقابلہ پولیس اور بیوروکریسی کے ذریعے نہیں اپنی سیاسی طاقت سے کر یں گے‘ ملک میں احتساب اور کفایت شعاری کا آغاز ہی وزیر اعظم سے ہوگا۔انہوں نے مزید کہاکہ اپوزیشن سمیت ہر کسی کو ہمارے احتساب کا حق ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان خود ہر ہفتے پار لیمنٹ میں اراکین اسمبلی کے سوالوں کا جواب دیں گے‘ملک میں معاشی مضبوط اور خوشحالی کیلئے خود احتسابی لازم ہو چکی ہے‘ایک کروڑ نوکریوں سمیت قوم سے کیے جانیوالے تمام وعدوں پر عمل کو یقینی بنایا جائیگا‘ہم نے قوم کو سیاسی شعور دیدیا ہے اس لیے ہم جانتے ہیں اگر ہم بھی کوئی غلط کام کر یں گے تو ہمیں قوم برداشت نہیں کریں گی لیکن قوم سے وعدہ کرتے ہیں انکو انکا حق دیا جائیگا‘ پولیس کو اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف اور اپنے ضمنی انتخابات کیلئے استعمال نہیں کر یں گے پولیس سمیت تمام اداروں کو غیر سیاسی کیا جائیگا‘ظلم اور ناانصافی کرنیوالے پولیس والوں کو معطل نہیں انکوبرطرف کیا جائیگا۔