عمران خان نے 22 ویں وزیر اعظم کا حلف اٹھالیا

 
0
532

اسلام آباد اگست 18(ٹی این ایس)عمران خان نے پاکستان کے بائیسویں وزیر اعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جس میں تینوں سروسز چیفس اور پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔تقریب میں شرکت کیلئے عمران خان کے بھارتی دوست نوجوت سنگھ سدھو خصوصی طور پر پاکستان تشریف لائے ہیں، ان کے علاوہ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کور گروپ کے تمام اراکین کو بھی تقریب میں موجود تھے۔
حلف برداری تقریب میں عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی سفید رنگ کا عبایہ پہنے موجود ہیں، وہ عمران خان کے ہمراہ بنی گالہ سے ایوان صدر تشریف لائی ہیں، تاہم وہ علیحدہ گاڑی میں تھیں ۔بنی گالہ سے ایوان صدر کیلئے روانگی سے قبل خاتون اول بشری بی بی نے اپنی دوست فرح خان اور عمران خان کے دوست زلفی بخاری کے ہمراہ ایک تصویر بھی بنوائی۔
واضح رہے کہ عمران خان 22 سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد وزارت عظمیٰ تک پہنچے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والے لیڈر آف دی ہاؤس کے انتخاب میں شہباز شریف کے 96 ووٹوں کے مقابلے میں 176 ووٹ حاصل کیے تھے۔