پنجاب کے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج کیا جائے گا، پی ٹی آئی کے عثمان بزدار اور ن لیگ کے حمزہ شہباز کے درمیان مقابلہ

 
0
347

لاہور اگست 19(ٹی این ایس)پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج کیا جائے گا ۔ وزارت اعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی کے عثمان بزدار اور ن لیگ کے حمزہ شہباز کے درمیان مقابلہ ہے ۔پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے پولنگ آج صبح گیارہ بجے پنجاب اسمبلی میں ہوگی ۔

اسپیکر نے وزات اعلیٰ کے لیے تحریک انصاف کے عثمان بزدار اور ن لیگ کے حمزہ شہباز کے کاغذات نام زدگی منظور کرلیے ہیں ۔عثمان بزدار کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے خود اسمبلی آئے جبکہ حمزہ شہباز کی طرف سے مجتبی شجاع الرحمان پیش ہوئے ۔خفیہ رائے شماری کے بجائے ارکان اسمبلی دو الگ الگ دروازوں سے ایوان میں داخل ہو کر اپنے امیدوار کی حمایت کا اظہار کریں گے ، دروازے پر ہی ارکان کی گنتی کی جائے گی ۔

الیکشن میں کامیابی کے لیے امیدوار کو کل 371 میں سے 186 ووٹ حاصل کرنا لازم ہوں گے ۔ امیدوار مطلوبہ ووٹ حاصل نہ کرسکے تو دوبارہ پولنگ کرائی جائے گی ۔لاہور میں حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام ووٹ چوری ہونے کا حساب چاہتے ہیں ۔ پنجاب میں تحریک انصاف کو فری ہینڈ نہیں دیں گے۔دوسری جانب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خلاف پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہیں ، ان پر قتل کا مقدمہ جھوٹا تھا، تمام الزامات کا ایوان میں تفصیلی جواب دیں گے ۔ عثمان بزدار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں بھی کسی اور شخص کو ان سے منسوب کیا جا رہا ہے ۔