ایران کا مقامی سطح پر تیار کردہ جنگی جہاز منظرعام پر لانے کا اعلان

 
0
365

تہران اگست 19 (ٹی این ایس)ایران آئندہ ہفتے مقامی سطح پر تیار کردہ جنگی جہاز کو منظرعام پر لائے گا۔ایران کے وزیر دفاع جنرل عامر حاتمی نے کہا ہے کہ ایرانی شہری آئندہ بدھ کو جنگی جہاز کو فضاؤں میں دیکھ سکیں سکے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی نے ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے حوالے سے بتایا کہ جنرل عامر نے کہا کہ’ ہم دفاع کے قومی دن کے موقع پر جنگی جہاز کو پیش کریں گے اور لوگ اس کو پرواز کرتے اور اس کے لیے تیار کردہ آلات کو دیکھ سکیں گے۔‘انھوں نے اس کے ساتھ اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران کی اولین ترجیح میزائل کی صلاحتیوں کو بڑھانا ہے۔
خیال رہے کہ ایران کی جانب سے حالیہ دنوں جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے اعلان ایک ایسے وقت کیے جا رہے ہیں جب امریکی صدر کی جانب سے بین الاقوامی جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد اقتصادی پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ کے اس فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات مزید تلخ ہو گئے ہیں اور خلیج میں ایرانی اور امریکی بحریہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
ایرانی بحریہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کمند دفاعی نظام اس وقت فعال ہو جاتا ہے جب کوئی بھی شے جنگی جہاز سے دو کلومیٹر کے فاصلے میں آ جائے اور ایک منٹ میں چار ہزار سے سات ہزار گولیاں فائر کرتا ہے۔دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایرانی ایوی ایشن کور کا کہنا ہے کہ ایرانی بری فوج نے ہیلی کاپٹروں پر نصب میزائلوں کی رینج کو آٹھ کلومیٹر سے بڑھا کر 12 کلومیٹر کر دیا ہے۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر پاسداران انقلاب نے تصدیق کی تھی کہ ایران نے خلیج میں جنگی مشقیں کی تھیں اور ان مشقوں کا مقصد ایران پر ممکنہ حملے کا سامنا کرنے کے لیے تیاری تھی۔امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی تصدیق کی تھی کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی بحریہ کی موجودگی میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔
یاد رہے کہ ایرانی فوج کے خصوصی دستوں کے کمانڈر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا تھا کہ اگر امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تو ’امریکہ کے پاس جو کچھ ہے ایران اسے تباہ کر دے گا۔‘میجر جنرل قاسم سلیمانی نے کہا کہ ’امریکہ نے جنگ شروع کی ہے اور اسلامی جمہوریہ اسے ختم کرے گا۔‘ان کا یہ بیان امریکی صدر کی اس ٹویٹ کے بعد سامنے آیا جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ ’کبھی بھی امریکہ کو دھمکی مت دینا۔‘