پیپلز پارٹی نے صدر مملکت کے لیے اعتزاز احسن کو نامزد کردیا

 
0
399

پیپلز پارٹی کی قیادت کا خورشید شاہ اور دیگر کو (ن) لیگ اور اتحادیوں سے رابطوں کا ٹاسک سونپ دیا گیا 
خورشید شاہ، شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے
اسلام آباد اگست19 (ٹی این ایس)پاکستان پیپلز پارٹی نے صدارتی انتخاب کے لیے اپنا امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے پارٹی قیادت نے اعتزاز احسن کو نامزد کردیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری نے اعتزاز احسن کو صدرارتی امیدوار نامزد کردیا ٗ خورشید شاہ کو مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادیوں سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق سید خورشید شاہ، شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے صدر مملکت کیلئے ڈاکٹر عارف علوی کو گزشتہ روز نامزد کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین کی 8 ستمبر کو عہدہ صدارت پر مدت پوری ہورہی ہے اور نئے صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر ہوگی۔الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے مطابق صدارت کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 27 اگست کو دن 12 بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے جس کی جانچ پڑتال 29 اگست کو صبح 10 بجے ہوگی۔امیدوار 30 اگست کو دن 12 بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جس کے بعد حتمی فہرست اسی روز دن ایک بجے جاری کی جائے گی۔