مکہ مکرمہ اگست 20(ٹی این ایس)حج کا رکن اعظم وقوف عرفات آج ادا کیا جائے گا، عازمین کی نماز فجر کے بعد وادی منیٰ سے میدان عرفات روانگی، لاکھوں فرزندان اسلام خطبہ حج سنیں گے۔عازمین حج نے ساری رات عبادت، ذکر اذکار میں گزاری، نماز فجر پڑھ کر میدان عرفات کا رخ کریں گے۔ مسجد نمرہ میں اس سال مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ خطبہ حج دیں گے ۔حجاج کرام ظہراور عصر کی نمازیں اکٹھی پڑھیں گے۔ غروب آفتاب کے بعد عرفات سے مزدلفہ پہنچیں گے، نماز مغرب اور عشاءاکٹھی ادا کی جائے گی۔ حجاج کرام رات بھرمیدان عرفات میں عبادت و ریاضت، اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر گناہوں کی معافی طلب کریں گے۔ حجاج کرام منگل کی صبح سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے جانوروں کی قربانی کریں گے۔حج کے رکن اعظم، وقوف عرفات کی ادائیگی کیلئے لاکھوں عازمین خطبہ حج سنیں گے، جسے پہلی بار اردو زبان میں بھی پیش کرنے کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔