’شاہین ایئرلائنز 7 دن میں 2 کروڑ روپے عدالت میں جمع کرائے‘چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار

 
0
344

اسلام آباد اگست 20(ٹی این ایس)چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے شاہین ایئر لائنز کو حکم دیا ہے کہ ایک ہفتے میں 2کروڑ روپے عدالت میں جمع کرائیں، شاہین ایئرلائنز کی وجہ سےچین میں پھنسنے والے مسافروں کو ہرجانہ کی ادائیگی کا فیصلہ عدالت کرے گی۔شاہین ایئر لائنز کی وجہ سے مسافروں کے چین میں پھنسنے کے نوٹس کی سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہوئی۔شاہین ایئر لائنزکےوکیل نے عدالت کو بتایاکہ متاثرہ مسافروں کو 3 ماہ کے دوران ایک لاکھ روپے تک ہرجانہ کی ادائیگی کے لئے کمیٹی بنا دی ہے۔اس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے حکم دیاکہ 3 ماہ نہیں، بلکہ ایک ہفتے میں 2کروڑ روپے عدالت میں جمع کرائیں، لوگوں کا جو حق بنتا ہے، وہ دیں، لوگ شاہین ایئر لائنز کی وجہ سےچین میں محبوس ہوئے تھے۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہرجانہ بھی ایک لاکھ تک محدود نہیں ہوگا، بلکہ اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔