پی ٹی آئی کی حکومت (ن)لیگ کے شور شرابے کا جواب اپنی کارکردگی سے دے گی‘اعجاز چوہدری

 
0
423

عوام پاکستان کے قیام سے اب تک جس تبدیلی کا انتظار کر رہے ہیں وہ وقت آ گیا ہے‘رہنما تحریک انصاف 
لاہور اگست25 (ٹی این ایس) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اعجازاحمد چوہدری نے کہاہے کہ عوام پاکستان کے قیام سے اب تک جس تبدیلی کا انتظار کر رہے ہیں وہ وقت آ گیا ہے، تحریک انصاف کے امن و امان، ٹیکس وصولی، تعلیم اور صحت بڑے اہداف ہیں حکومت ان اہداف پر ٹھوس اقدامات کرے گی تاکہ نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے سے ملک میں تبدیلی کا سورج طلوع ہو گیاپی ٹی آئی کی حکومت ن لیگ کے شور شرابے کا جواب اپنی کارکردگی سے دے گی، عوام نے ووٹ کو عزت دے کر ن لیگ کو عبرت کا نشان بنا دیا ہے۔ اب’’احتساب سب کا ‘‘ کا خواب پورا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ 22برسوں کی سیاسی جدوجہد کے بعد پی ٹی آئی کو اللہ تعالیٰ نے عوامی خدمت کا جو موقع فراہم کیا ہے اس سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا اور ملکی سرمائے اور ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقوم کو عوام کی امانت سمجھ کر ایک ایک پائی کو اُن کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کے بعد ایسا نظام بنائیں گے کہ ادارے کسی ایک خاندان کے اشاروں پر کٹھ پتلیا ں نہ بنیں بلکہ عوامی خدمت کے مراکز کے طور پر دن رات کام کریں، عمران خان نے ہمیشہ عوامی امنگوں کی ترجمانی کی ہے، قوم نے حالیہ الیکشن میں تبدیلی کے حق میں ووٹ دیکر عمران خان کی تحریک انصاف کو کامیاب کرایا انشاء اللہ عمران خان پاکستان کی تاریخ کے بہترین وزیر اعظم ثابت ہوں گے۔