سابق حکمرانوں کی کرپشن اور منی لانڈرنگ سے پیار کی وجہ سے ملک یہاں پہنچا،پچھلے 10 سال میں گڈ گورننس کی چھتری تلے بیڈ گورننس کا طوفان تھا: فیاض الحسن چوہان

 
0
355

مخالف کی ذاتی زندگی کےخلاف محکمے کواستعمال نہیں کرینگے، پنجاب کو انسانوں کی ترقی پر لے جائیں گے

مریم نواز اور نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنا آئین کی پاسداری ہے، ڈی پی او پاکپتن کے خلاف بہت عرصے سے شکایات آرہی تھیں ، ڈی پی او کا معاملہ حل ہوچکا: پریس کانفرنس

‏لاہور، اگست 29(ٹی این ایس):وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن اور منی لانڈرنگ سے پیار کی وجہ سے ملک یہاں پہنچا،ہم اپنے کسی مخالف کی ذاتی زندگی کےخلاف محکمے کواستعمال نہیں کرینگے،مریم نواز اور نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنا آئین کی پاسداری ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ذاتی یا خاندان کی سیاست کو پروان چڑھانا عمران خان کی پالیسی نہیں،ہم نے عمران خان صاحب کے وژن کو آگے لےکر جانا ہے،ہمارا پہلا اور آخری مقصد پنجاب اور پاکستان کے عوام کی خدمت ہے،وزرا کا ایجنڈا پہلے کی طرح اپنے مفاد کو پروان چڑھانا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے10 سال میں پنجاب کے عوام کا استحصال کیا گیا،10 سال بعد بھی اسمبلی کی عمارت ٹوٹی ہوئی اوراس کا برا حال تھا،حقیقت میں پنجاب پولیس اور واسا کا بھی برا حال ہے،ڈوبتی معیشت کو بحال کرنا ہمارا اولین مقصد ہے،پنجاب کو انسانوں کی ترقی پر لے جائیں گے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ کومحکمہ اطلاعات میں تبدیلی نظر آئے گی،پچھلی حکومتوں کا صرف ایک ہی مقصد تھا کہ مخالف کو کس طرح نشانہ بنانا ہے؟ہم اپنے کسی مخالف کی ذاتی زندگی کےخلاف محکمے کواستعمال نہیں کرینگے،پچھلے 10 سال میں گڈ گورننس کی چھتری تلے بیڈ گورننس کا طوفان تھا،پاکستان اس وقت مقروض ہو چکا ہے اور ذخائر میں انتہائی کمی آئی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن اور منی لانڈرنگ سے پیار کی وجہ سے ملک یہاں پہنچا،معلومات تک رسائی کا بل منظور تو کر لیا گیا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا،پاکپتن معاملے میں بنی گالا یا سی ایم صاحب کا کوئی کردار نہیں،ڈی پی او پاکپتن کے خلاف بہت عرصے سے شکایات آرہی تھیں ، ڈی پی او کا معاملہ حل ہوچکا،یہ محکمہ پولیس کا اندرونی معاملہ ہے،پاکپتن واقعے پر آئی جی پنجاب باقاعدہ تحقیقات کروارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ صاحب کو طیارہ استعمال کرنے کا استحقاق ہے،وزیر اعلیٰ طیارے میں نہ ہو تو پھر اس پر تحفظات کئے جا سکتے ہیں،عمران خان نے کبھی کسی غلط بات پر ہماری حوصلہ افزائی نہیں کی،مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنا آئین کی پاسداری ہے،جن کو سزا ہوئی انکا نام ای سی ایل میں ڈالنا آئین اور قانون کے مطابق ہے۔