راجن پور: ضمنی انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار اویس دریشک بلا مقابلہ رکن منتخب

 
0
4374

راجن پور، ستمبر 02(ٹی این ایس): ضمنی انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار اویس دریشک بلا مقابلہ رکن منتخب ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں پہلے امیدوار کی کام یابی کی اطلاع آ گئی ہے، پی ٹی آئی کے امیدوار اویس دریشک بغیر کسی مقابلے کے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔

اویس دریشک حلقہ پی پی 296 راجن پور سے کام یاب ہوئے، وہ طارق دریشک کے بھائی ہیں جو اس حلقے سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔طارق دریشک عام انتخابات 2018 میں سیٹ جیتنے کے بعد پچھلے ماہ اگست کے آغاز میں برین ہیمرج کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔پی ٹی آئی کے امیدوار طارق دریشک کے انتقال کے باعث حلقہ پی پی 296 کی نشست خالی ہو گئی تھی جس پر ان کے بھائی اویس دریشک کو پارٹی کی طرف سے ٹکٹ دیا گیا۔خیال رہے کہ حلقہ پی پی 296 سے پانچ امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے، تاہم بعد میں دیگر چار امیدوار اویس دریشک کے حق میں دست بردار ہوگئے۔