لاہور میں جگہ جگہ لگے بل بورڈز پر چیف جسٹس برہم

 
0
404

اسلام آباد ستمبر 4(ٹی این ایس): لاہور میں بل بورڈز اتارنے سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے بل بورڈز نہ اتارنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بل بورڈز ہٹانے سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل ڈی جی نے کہا کہ لاہور میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے کوئی بل بورڈز نہیں لگائے۔چیف جسٹس نے کہا کہ بل بورڈ سے متعلق اصول وضع کریں گے جو ملک بھر پر لاگو ہوگا۔ لاہور میں جگہ جگہ بل بورڈز لگے ہوئے ہیں۔ مال روڈ سے سپریم کورٹ رجسٹری تک بینرز لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چوہدری سرور کا بہت بڑا مجسمہ لگا ہوا تھا جس پر عدالت قہقہوں سے گونج اٹھی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ جناب وہ مجسمہ نہیں پینا فلکس ہوگا۔پی ایچ اے کے نمائندے کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے بینرز اور بل بورڈز لگائے گئے تھے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ نہیں میں الیکشن کے بعد گیا ہوں۔
نمائندے نے کہا کہ ہم نے بل بورڈز نہیں لگائے جو پہلے لگائے تھے وہ بھی اتار دیے، ہم نے لاہور میں 1304 بل بورڈز کو اتارا ہے۔سپریم کورٹ میں کیس کی مزید سماعت ستمبر کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔خیال رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ کراچی میں لگے بل بورڈز پر بھی از خود نوٹس لے چکی ہے۔ عدالت نے شہر سے تمام بل بورڈز اور ہورڈنگز ہٹانے کا حکم دیا تھا جبکہ نئے بل بورڈ لگانے پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔