کابل کے اسپورٹس کمپلیکس میں خودکش حملہ، 4 افراد ہلاک ،درجن سے زائد زخمی 

 
0
474

خود کش بمبار نے کلب میں موجود محافظ کو قتل کرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا دیا ،عینی شاہد
کابل، ستمبر 06 (ٹی این ایس):افغانستان کے دارالحکومت کابل کے اسپورٹس کمپلیکس کے اندر خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 4افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کابل میں واقع اسپورٹس کمپلیکس کے ریسلنگ ٹریننگ سینٹر میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں کم از کم 4افراد ہلاک ہو گئے۔

وزارت صحت کے ترجمان واحد مجور نے بھی 4افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 18افراد کو بحفاظت ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔واقعے کے عینی شاہد ایک سوشل میڈیا صارف نے تفصیلات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خود کش بمبار نے کلب میں موجود محافظ کو قتل کرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔محمد حنیف نامی فیس بک صارف نے لکھا کہ خود کش بمبار نے خود کو ایسے مقام پر دھماکے سے اڑایا جہاں بڑی تعداد میں ایتھلیٹس موجود تھے جس سے بڑی تعداد میں لوگ ہلاک و زخمی ہوئے احال کسی گروہ کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔