ملک و قوم کی حفاظت کی خاطر جانیں قربان کرنے والے ہی اصل ہیرو ہیں ‘عبدالعلیم خان 

 
0
317

6ستمبر کے دن افواج پاکستان نے اپنی با کمال صلاحیتیوں کا لوہا منوایا جسے تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائے گا
لاہور ستمبر 6(ٹی این ایس)پنجاب کے سینئر وزیر اور تحریک انصاف کے صوبائی صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے ہی اصل ہیرو ہیں ،6ستمبر کے دن افواج پاکستان نے اپنی با کمال صلاحیتیوں کا لوہا منوایا جسے تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائے گا ،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی اے ایف ائیر بیس پر یوم دفاع کی منعقدہ پر وقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارے خاندانوں اور ملک کے مستقبل کی خاطر اپنے بچوں کو یتیم کرنے والوں کو ہم سب خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اُن کے اُس جذبے کو عقیدت کے ساتھ سلام کرتے ہیں جس کے تحت انہوں نے مادر وطن کی خاطر جام شہادت نوش کیے ، عبدالعلیم خان نے پی اے ایف ایئربیس پر جنگی ساز و سامان کی نمائش کا افتتاح کیا اور ایئرشو کا مظاہرہ دیکھا ،سینئر وزیر نے پاکستان ایئرفورس کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ مستقبل میں بھی اگر وقت آیا تو افواج پاکستان قوم کی توقعات سے بڑھ کر داد شجاعت دیں گی ،ایئروائس مارشل عرفان احمد اور ایئرفورس کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو دفاعی سازو سامان کی نمائش کے حوالے سے بریفنگ دی۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کے ہمراہ باٹا پور اور مناواں میں 1965کے شہداء کی یادگاروں پر حاضری دی ،

پھولوں کی چادرچڑھائی ،فاتحہ خوانی کی اور اُن کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ بے آر بی نہر کے آس پاس آج سے 53سال قبل شجاعت اوربہادری کی جو داستانیں رقم ہوئیں قوم آج بھی انہیں سلام پیش کرتی ہے اور ہم سب اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ہر شہری اپنی پاک فو ج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور وقت پڑنے پر دشمن کو ایسا ہی دوبارہ مزہ چکھائیں گے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج وطن عزیز وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن ہونے جا رہا ہے ہمیں قومی تعمیرو ترقی میں اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنا ہے،یوم دفاع کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے بچانے کا عہد کریں اور اپنی تمام تر توانائیاں نئے پاکستان کی تشکیل کیلئے صرف کر دیں ، پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز ڈیال ،جمشید اقبال چیمہ ، حافظ فرحت عباس ،منصب فرمائش اعوان اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی ۔