نیب ریفرنس: احتساب عدالت کا یوسف رضا گیلانی کو 26 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم

 
0
913

نیب راولپنڈی نے گزشتہ روز اختیارات کے ناجائز استعمال پر یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا
اسلام آباد ستمبر 7(ٹی این ایس): احتساب عدالت نے اختیارات کے ناجائز استعمال کے سلسلے میں دائر کیے گئے نیب ریفرنس کے سلسلے میں سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے سمن جاری کرتے ہوئے 26 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔دوسری جانب احتساب عدالت نے دیگر 6 ملزمان کو بھی نوٹسز جاری کردیئے۔واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے گزشتہ روز اختیارات کے ناجائز استعمال پر یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ریفرنس میں وزارت اطلاعات کے سابق ملازم فاروق، سلیم، حسن، حنیف، انعام اور ریاض کو بھی شریک ملزم بنایا گیا ہے۔نیب اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملزمان نے یونیورسل سروسز فنڈ سے متعلق غیر قانونی تشہیری مہم چلائی اور ان کے اس اقدام سے قومی خزانے کو 128 ملین روپے کا نقصان ہوا۔
واضح رہےکہ یوسف رضا گیلانی 2008 سے 2013 کے دوران پیپلزپارٹی کے دورِ حکومت میں وزیراعظم رہے تاہم وہ اپنی مدت مکمل نہ کرسکے اور سپریم کورٹ سے توہین عدالت کیس میں سزا پاکر نااہل ہوئے۔یوسف رضا گیلانی کے خلاف ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے حوالے سے بھی کرپشن کا ریفرنس زیرِ سماعت ہے۔