اسلام آباد ستمبر 8(ٹی این ایس)چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیم پر پہرہ دوں گا،اس کے لئےڈیم پرجھونپڑی بنا کر رہنا پڑا تو رہوں گا۔چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا پانی سے متعلق بیان خوش آئند ہے،ڈیم کے فنڈ سے متعلق فیصلہ ہماری اجازت سے کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جلد سپریم کورٹ پانی پربین الاقوامی کانفرنس کرائے گی۔
واضح رہے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے ایک فنڈ قائم کیا تھا اور ابتدائی طور پر انہوں نے خود اس میں 10لاکھ روپے جمع کروائے تھے۔انہوں نے پاکستانی عوام سے ڈیم فنڈز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی تھی ،جس میں ملک بھر کی عوام اور ادارے بھرپور حصہ لے رہی ہیں ۔ اب تک پاک فوج، خیبرپختونخوا حکومت، سپریم کورٹ سٹاف،نیب ، پیمرا اور دیگر ادارے اپنی تنخواہوں سے سپریم کورٹ ڈیم فنڈ میں چندہ جمع کروا چکے ہیں۔
گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نےو ملک میں ڈیموں کی تعمیر کےلئے دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں سے مدد سے مانگ لی اور کہا کہ ،اوورسیز پاکستانی 1 ہزار ڈالرز فی کس ڈیم فنڈز میں جمع کرائیں۔انہوں نےبتایاکہ 2 ہفتے سے قومی مسائل پر بریفنگ لے رہا ہوں، وعدہ کیا تھا تمام معاملات قوم کے سامنے لائوں گا،ملک کا سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے،جو آج کم ہوکر فی کس 1000 کیوسک رہ گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ملک میں صرف 30 دن کا پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے،پڑوسی ملک بھارت کے پاس 120 اور مصر جہاں بارشیں نہیں ہوتی وہاں 1 ہزار دن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اگر ڈیمز نہ بنائے تو 2025ء سے خشک سالی شروع ہوجائے گی،ایک وقت ایسا آئے گا کہ اناج اگانے کےلئے بھی پانی نہیں ہوگا، قحط کا خطرہ ہے۔