برمنگھم ،ستمبر 10(ٹی این ایس ):پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سپر ویلٹر ویٹ مقابلے میں پوائنٹس کی بنیاد پر کینیڈین کولمبین حریف سیموئیل ورگاس کو شکست دے دی۔ عامر خان اور سیموئیل ورگاس کے درمیان 12 راؤنڈز تک کی فائٹ ہوئی جس میں عامر خان نے شاندار باکسنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوائنٹس کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی۔
یہ باکسر عامر خان کی 37 مقابلوں میں سے 33 ویں فائٹ تھی جو انہوں نے اپنے نام کی۔ برمنگھم کے باکسنگ ارینا میں سنیچر کی رات دونوں باکسرز کے درمیان فائٹ منعقد ہوئی جسے دیکھنے کیلئے برٹش پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی باکسنگ ایرینا میں موجود تھی۔ دونوں باکسرز کے درمیان فائٹ شروع ہوئی تو پاکستان نژاد باکسر عامر خان فائٹ کے آغاز سے ہی اپنی حریف کولمبیئن باکسر پر حاوی ہوگئے اور خوب گھونسوں کی بوچھار کردی، حریف باکسر نے بھی خوب دفاع کیا، مقابلے کے دوران باکسر ورگاس کے مکے سے ایک بار عامر خان رنگ میں گرے بھی تاہم فوری طور پر سنبھلنے میں کامیاب رہے اور چند ہی لمحوں میں ورگاس پر ایک مرتبہ پھر مکوں کی برسات کردی جس کے نتیجے میں 12 راؤنڈ تک فائٹ جاری رہنے کے بعد باکسر عامر خان نے اپنے حریف سیموئیل ورگاس کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی۔
تینوں ججوں نے متفہ طور پر عامر خان کے حق میں فیصلہ دیا۔ عامرخان کی فتح پر برٹش پاکستانیوں سمیت تمام تماشائیوں نے برمنگھم ایرینا کے باہر جیت کا جشن مناتے ہوئے بھنگڑے ڈالے اور پاکستانی پرچم تھام کر ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل میں عامر خان فل لو گریکو سے مقابلہ کیا تھا جو اٴْنہوں نے صرف 39 سیکنڈز میں جیتا تھا۔ باکسر عامر کی ایک اور فائٹ رواں برس دسمبر میں بھی متوقع ہے جس کیلئے ملیشیئن باکسر مینی پیکیئو اور باکسر کیل بروک سے بات چیت جاری ہے۔ واضح رہے کہ واضح رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اب تک 37 مقابلوں میں 33 میں کامیاب ہو چکے ہیں۔