بیگم کلثوم نواز کا سفر آخرت، میت جاتی امرا پہنچا دی گئی

 
0
393

ںواز شریف اور مریم نواز نے بیگم کلثوم نواز کا دیدار کیا

لاہور ستمبر 14 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت شریف میڈکل سٹی جاتی امرا پہنچا دی گئی، سابق خاتون اول کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے شریف سٹی کمپلیکس میں ادا کی جائے گی۔سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز نے بیگم کلثوم نواز کا دیدار کیا۔ بیگم کلثوم نواز کی میت کے ہمراہ شہباز شریف سمیت خاندان کے 13افراد پاکستان پہنچے ہیں۔

لندن سے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی میت کے ساتھ نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف، سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے اہل خانہ، نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے اہلخانہ، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری اور برجیس طاہر سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات بھی لاہور پہنچیں۔کلثوم نواز کے صاحبزادے حسین اور حسن نواز پاکستان نہیں آئے۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام جاتی امرا کے شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔یاد رہے گزشتہ روز بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سنٹر میں ادا کی گئی، شہباز شریف، حسین ، حسن نواز، اسحاق ڈار، چودھری نثار سمیت سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ ریجنٹ پارک اسلامک سنٹر کے امام مسجد شیخ خلیفہ عزت نے نمازجنازہ پڑھائی، بیگم کلثوم نواز کو اپنے سسر میاں محمد شریف کے پہلو میں سپردخاک کیا جائے گا۔کلثوم نواز کی وفات پر نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کر پیرول پر رہائی دی گئی ہے۔ تینوں کے پیرول میں کل رات کو مزید اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ اب تینوں کی رہائی پیر کی شام تک ہو گی۔