نواز شریف سیاسی سرگرمیوں کی طرف لوٹنے لگے

 
0
2053

سابق وزیراعظم نے مری میں کارکنان سے ملاقات کی، اسلام آباد روانہ
اسلام آباد ستمبر 28 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم نواز شریف سیاسی سرگرمیوں کی طرف لوٹنے لگے ہیں۔آج نواز شریف نے مری میں پارٹی کارکنان سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر بیگم کلثوم نواز کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ جس کے بعد نواز شریف اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔نواز شریف نے رہائی کے بعد کسی بھی سیاسی میٹنگ میں شرکت نہیں کی تھی،تاہم اب نواز شریف سیاسی سرگرمیوں کی جانب لوٹنے لگے ہیں جس کا آغاز انہوں نے آج مری کے پارٹی کارکنان سے ملاقات کر کے کیا۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیاسی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی معاملات کو مکمل طور پر اپنے ہاتھوں میں لینے کا بھی فیصلہ کیا ۔ مسلم لیگ ن کی آئندہ حکمت عملی پر سابق وزیراعظم نے قریبی ساتھیوں سے بھی مشاورت شروع کر دی جس میں مسلم لیگ ن کی آئندہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔
سابق وزیراعظم نواز شریفکے اڈیالہ جیل سے باہر آنے کے بعد بلا شُبہ ان کے بیانیے کو مزید تقویت ملی۔ قریبی ساتھیوں نے نوازشریف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اب ٹکراؤ کی سیاست ترک کرکے مفاہمتی لائحہ عمل اختیار کریں۔ لیکن نواز شریف جارحانہ پالیسی کو لے کر چلنے پر قائل ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیانیے پر کسی طور بھی سمجھوتہ نہیں کر سکتے جس کےبعد اب قومی اداروں کو چھوڑ کرپاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور عمران خان کو ہدف تنقید بنانے پر غور کیا جا رہا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مسلم لیگ ن ریاستی اداروں کی بجائے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ہی ٹارگٹ کرے گی جس سے نواز شریف کے بیانیے کو مزید تقویت ملے گی اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا مسلم لیگ ن کا ہدف بھی پورا ہو جائے گا۔