مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیئے جانے کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

 
0
547

اسلام آباد مئی 09 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ نواز کی مرکزی خاتون رہنما مریم نواز کو اُن کی جماعت کی جانب سے پارٹی عہدہ دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے خلاف نواز لیگ کی حریف جماعت پی ٹی آئی کھُل کر سامنے آ گئی ہے۔ مریم نواز کو جماعتی عہدہ دیئے جانے کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے باضابطہ درخواست دائر کی گئی ہے۔ یہ درخواست الیکشن کمیشن آف پاکستان میںپاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
درخواست گزاروں میں بیرسٹر ملائکہ بخاری، میاں فرخ حبیب، جویریہ ظفر آہیر اور کنول شوذب شامل ہیں۔ درخواست میں پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز کی مسلم لیگ نواز میں بطور نائب صدر تقرری آئین و قانون کے تقاضوں سے متصادم ہے۔ اس درخواست میں ان تمام قانونی بنیادوں کا احاطہ کیا گیا ہے جن کی رُو سے مریم نواز کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں۔
جبکہ اس درخواست میں سُپریم کورٹ کی جانب سے ماضی میں اس نوعیت کے کیسز میں سُنائے گئے فیصلوں کا تفصیلی تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیئے جانے پر عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی اس حوالے سے اعتراض اُٹھایا تھا کہ عدالت سے سزا یافتہ مریم نواز کو مسلم لیگ نواز میں نائب صدر کا عہدہ کیسے دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس معاملے کو ہر سطح پر اُٹھانے کا اعلان کیا تھا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے کسی شخص کو سزا سُنائے جانے کی صورت میں اُسے پارٹی عہدہ نہیں دیا جا سکتا۔ اسی وجہ سے مریم نواز جو کہ عدالت سے سزا یافتہ ہیں، اُنہیں مسلم لیگ نواز کی نائب صدارت دیئے جانے پر قانونی جنگ لڑیں گے۔