آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس ، نیب کو شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کیلئے اجازت مل گئی

 
0
414

لاہور جنوری 05 (ٹی این ایس): احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب )کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دے دی، نیب آمدن سے زائد اثاثوں پر سابق وزیر اعلیٰ سے تحقیقات کرے گا۔ نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کے لیے درخواست دی تھی۔احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے درخواست منطور کرتے ہوئے نیب کو تفتیش کی اجازت دے دی۔نیب نے موقف اپنایا کہ شہباز شریف کے اثاثے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے اور اسی معاملے پر شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کیخلاف تحقیقات بھی کر رہا ہے۔نیب کا دعویٰ ہے کہ شہباز شریف کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کر لیں ہیں، موصول ریکارڈ میں 1997ء سے 2004ء تک کے تمام اکائونٹس کی تفصیل شامل ہے جبکہ نیب کو 2007ء سے 2018ء تک کے اکائونٹس اور جائیداد کا ریکارڈ بھی مل چکا ہے۔ریکارڈ میں شہباز شریف کی ظاہر کردہ جائیداد، اکائونٹس اور زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری 28اکتوبر 2018ء سے چل رہی ہے۔