ملک میں یکساں نصاب تعلیم رائج ہو تو اس پر عمل کرنے کیلئے تیار ہیں، یہ اجتماعی مسئلہ ہے، اس کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، مفتی منیب الرحمن

 
0
570

اسلام آباد جنوری 09 (ٹی این ایس): تنظیم المدارس اہلسنت کے سربراہ مفتی منیب الرحمن نے حکومت کی جانب سے یکساں نصاب کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں یکساں نصاب تعلیم رائج ہو تو وہ بھی اس پر عمل کرنے کیلئے تیار ہیں، یہ ایک اجتماعی مسئلہ ہے، اس کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ وہ بدھ کو قومی نصاب کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں یکساں نصاب تعلیم کیلئے وہ حکومت سے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اجتماعی مسئلہ ہے اس کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے تاہم جب ریاست اپنی یہ ذمہ داری پوری طرح ادا کرنے میں ناکام ہوئی تو نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ مدارس بھی قائم ہوئے۔انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم کے سامنے آنے پر ہی وہ اس بارے بہتر فیصلہ کر سکیں گے تاہم حکومت نصاب کی تیاری سے قبل ہماری گزارشات اور ہمارے تحفظات کو دور کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یقین دلاتے ہیں کہ یکساں نصاب کی تیاری کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی مدارس کے نظام کو چیلنج کرتا ہے لیکن اس حوالہ سے دلیل نہیں دی جاتی۔