حکومت کی ناقص کارکردگی پر اپوزیشن خاموش نہیں رہے گی، روپے کی قدر میں35 فیصد کمی اور مہنگائی میں 100 فیصد اضافہ کے حوالہ سے پوچھتے رہیں گے، مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا ٹویٹ

 
0
420

اسلام آباد جنوری 15 (ٹی این ایس): مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور حکومت ٹویٹر پر نہیں چلتیں، حکومت کی ناقص کارکردگی پر اپوزیشن خاموش نہیں رہے گی، اپوزیشن روپے کی قدر میں35 فیصد کمی اور مہنگائی میں 100 فیصد اضافہ کے حوالہ سے پوچھتی رہے گی۔ منگل کو ٹویٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جس پارلیمنٹ کے اخراجات کا احساس کر رہے ہیں پانچ سال تک وہ وہاں سے غائب رہے اور اسی پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور حکومت ٹویٹر پر نہیں چلتیں، وزیراعظم عمران خان ہمیشہ کی طرح الزامات لگا کر اپوزیشن سے اپنی حکومت کی ناقص کارکردگی کا این آر او چاہتے ہیں، اپوزیشن یہ این آر او کبھی نہیں دے گی اور نہ حکومت کی ناقص کارکردگی پر اپوزیشن خاموش رہے گی، اپوزیشن روپے کی قدر میں 35 فیصد کمی اور ملک میں 100 فیصد مہنگائی میں اضافہ کے حوالہ سے پوچھتی رہے گی اور یہ بھی حکومت کو بتانا پڑے گا کہ راتوں رات قرضوں میں کتنا اور کیوں اضافہ ہوا اور روپے کی قدر میں 35 فیصد کمی کے باوجود تجارتی خسارہ میں کمی کیوں نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ جو بجلی اور گیس نواز شریف پاکستان کیلئے دے کر گئے تھے آج موجودہ حکومت سے اس کی ترسیل کیوں نہیں ہو رہی اور ہم اس انتظار میں ہیں کہ آپ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا ٹویٹ کب کریں گے۔