چارٹر آف کرپشن کرنیوالی اپوزیشن کے عزائم کامیاب نہیں ہونگے‘ فیاض الحسن چوہان

 
0
17077

لاہور جنوری 16 (ٹی این ایس): صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آل شریف اور زرداری اینڈ کمپنی پاکستان میں ہارس ٹریڈنگ، مینڈیٹ پرچیزنگ، کرپشن اور کمیشن کے بانی ہیں، عمران خان نے 22 سال کی جدوجہد کے ذریعے پہلے بھی کرپشن کی پارٹنرشپ توڑی تھی اب بھی اپنی ناجائز کمائی اور کرپشن کو بچانے کیلئے ’’چارٹرڈ آف کرپشن‘‘ کرنے والی اپوزیشن کے مکروہ عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں نے ملکی خزانے کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹا اور خالی خزانے کے ہمیں اقتدار ملا اور عمران خان کی کریڈیبلٹی کی وجہ سے پاکستان کے دوست میدان میں آئے ہیں اور وہ کھل کر پاکستان کی مدد کر رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان نہ صرف معاشی بحران سے نکلے گا بلکہ پاکستان صحیح معنوں میں ایشین ٹائیگر بن کر ابھرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافی و ٹی وی اینکر چیئرمین پاکستان جرنلسٹ فاؤنڈیشن (PJF) ذوالفقار احمد راحت کی سربراہی میں ملنے والے سینئر صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

 وفد میں میاں سیف الرحمن، رانا عمران لطیف، مسعود علی خان، شاہد نذیر چودھری، سہیل اشرف، سلمان عابد، فرحت عباس شاہ، محسن گورایہ، طاہر ملک، اسداللہ خان، شکیل ملک، مستنصر عباس، حافظ زین، نعیم ثاقب، چودھری شہزاد اختر، خالد ارشاد صوفی، خواجہ رشید صادق، خالد آفتاب، ذبیح اللہ بلگن سمیت سینئر صحافیوں، دانشوروں، ٹی وی اینکرز، کالم نگاروں اور ایڈیٹرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اور عمران خان کے خلاف پاکستان دشمن عناصر اور ایک منظم لابی کام کر رہی ہے جن کے ایجنڈے کو ناکام بنا کر پی ٹی آئی کی حکومت وجود میں آئی ہے اور یہ لابی اندرون و بیرون ملک طرح طرح کی سازشیں کر کے پی ٹی آئی کی حکومت کو ناکام اور بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ماضی میں اقتدار اور حکومتوں کو جمہوری طریقے سے چلانے کی بجائے مافیاز کی طرز پر چلایا گیا اور جس میں چند لوگوں کو سرکاری وسائل سے نوازا گیا۔ ہماری حکومت نے صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کئے ہیں اور میرا واضح اور دوٹوک پیغام ہے کہ میں نہ خود کھاؤں گا اور نہ کسی کو کھانے دوں گا۔ کام چور، نااہل اور کرپٹ اہلکاروں کو میرا واضح پیغام ہے کہ وہ جتنی مرضی سازشیں کر لیں یا جائز اور ناجائز سفارشیں کروا لیں میری وزارت میں صرف اور صرف میرٹ چلے گا کیونکہ میرے قائد عمران خان کا ویژن ہے کہ ہم نے پسند ناپسند کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرنے بلکہ ہر شعبے میں صرف میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کرنے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ میں نے شعبہ اشتہارات، الحمرا ہال اور ثقافت کے شعبوں سے مافیاز کا خاتمہ کیا ہے۔ اس کے لئے کروڑوں روپے کی پیشکش ٹھکرائی ہے، سنگین نتائج کی دھمکیاں برداشت کی ہیں اور آج بھی بے بنیاد پراپیگنڈے کی صورت میں اس کی قیمت ادا کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا ملک ریاض کا دعویٰ تھا کہ وہ ہر سیاستدان اور حکومت کو خرید سکتا ہے مگر وہ اگر کسی لیڈر کو نہیں خرید سکا تو وہ صرف عمران خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی 100 ارب روپے سرپلس صوبہ چھوڑ کر گیا تھا، خادم اعلیٰ نے صوبہ پنجاب کو 1200 ارب روپے کا مقروض بنا دیا۔ تمام پاور پراجیکٹس اور 56 کمپنیوں سمیت کوئی بھی ڈیپارٹمنٹ ایسا نہیں جو منافع میں ہو۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت نے پہلے بھی ورکنگ جرنلسٹوں کا کیس لڑا ہے اب بھی مختلف اداروں سے نکالے جانے والے ورکنگ جرنلسٹوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ادارے کارکن صحافیوں کو تنخواہیں نہیں دیتے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سے اشتہارات کو واجبات کے ساتھ منسلک کر دیا جائے تاکہ کسی صحافی کارکن کا استحصال نہ ہو۔