صوبائی حکومت پی سی بی کے ساتھ شہر میں کرکٹ ایونٹ بشمول پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کے حوالے سے بھرپور تعاون کرے گی، مراد علی شاہ

 
0
401

کراچی جنوری 24 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پی سی بی کے ساتھ شہر میں کرکٹ ایونٹ بشمول پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کے حوالے سے بھرپور تعاون کرے گی۔انہوں نے یہ بات آج اپنے سندھ اسمبلی بلڈنگ کے چیمبر میں پی سی بی سیکوریٹی کنسلٹنٹ کرنل آصف کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کہی ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ اُن کی کاوشیں ہیں جن کی بدولت کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آرہی ہے اور ہم اسے شہر میں مزید فروغ دیں گے۔ کرنل آصف نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ویسٹ انڈیز وومن کرکٹ ٹیم 30 جنوری کو کراچی آرہی ہے اور وہ یہاں چند میچز کھیلے گی۔ان کے میچوں کے بعد پی ایس ایل کے میچزہوں گے۔اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ پہلے ہی متعدد اجلاس منعقد کرچکے ہیں تاکہ بین الاقوامی ٹیموں کو ضروری سیکوریٹی فراہم کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پولیس اور رینجرز پہلے ہی ایک جامع سیکوریٹی پلان بناچکے ہیں۔
قبل ازیں سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر نے سیکوریٹی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ویسٹ انڈیز وومن کرکٹ ٹیم کے ٹور اور پی ایس ایل 2019 کے لیے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر آپریشن ذاکر خان اور ڈائریکٹر سیکوریٹی نے اجلاس کو دونوں ایونٹس کے حوالے سے پی سی بی کے پلان کے بارے میں بتایا۔پولیس اور رینجرز کی جانب سے پیش کیے گئے سیکوریٹی پلان کی اجلاس میں منظوری دی گئی ۔ اس بات کا فیصلہ کیاگیا کہ پولیس، اسپیشل برانچ، اسپشل سیکوریٹی یونٹ رینجرز آرمی کی کمانڈو بٹالین کے ذریعے فول پروف سیکوریٹی فراہم کی جائے گی۔ فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹرز دستیاب ہوں گے۔تمام روٹس مثلاً اسٹیڈیم ، ہوٹلز کی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے سرچ کی جائے گی۔ایئر پورٹ ، اسٹیڈیم اور ہوٹلز میں میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔