نواز شریف کی صحت پر پنجاب حکومت کا سیاسی تماشا اور تضحیک آمیز رویہ شرمناک ہے‘مریم اورنگزیب

 
0
631

, میاں صاحب کو ذہنی تکلیف پہنچا کر مخالفین جو سیاست کر رہے ہیں اسکا انہیں جواب دینا پڑے گا‘ترجمان مسلم لیگ (ن)

لاہور فروری 08 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت پر پنجاب حکومت کا سیاسی تماشا اور تضحیک آمیز رویہ شرمناک ہے،میاں صاحب کو ذہنی تکلیف پہنچا کر مخالفین جو سیاست کر رہے ہیں اس کا انہیں جواب دینا پڑے گا۔انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ تین مرتبہ منتخب وزیر اعظم کی صحت پر سیاست کرنا گھٹیا پن کی انتہا اور مخالفین کی چھوٹی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے،پنجاب حکومت بتائے کہ اس نے اپنے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈز کی طبی تشخیص کے برعکس عمل کیوں کیا ۔پنجاب حکومت نے اپنے بورڈز کی تجویز کیوں نہیں مانی اور میاں صاحب کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیوں نہیں لیجایا گیا اورسروسز ہاسپٹل کیوں لے جایا گیا ، پھر چار دن کے بعد پی آئی سی میں جانے کا فیصلہ کیوں کیا گیا تھا ، پنجاب حکومت کے سیاسی تماشے کا مقصد محمد نواز شریف کو ذہنی اذیت پہنچانا تھا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحت کے بنیادی حق پر حکومتی ڈرامے بازی افسوسناک اور اذیت ناک ہے،محمد نوازشریف صاحب کو بورڈ کی دی گئی تجویز پہ فوری طور پر اس ہسپتال میں داخل کیا جائے جہاں دل کے عارضہ کی طبی سہولیات میسر ہوں ،اگر محمد نوازشریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں نے بیگم کلثوم کی بیماری کے موقعے پر بھی اسی طرح کا کم ظرفی کا قابل مذمت رویہ اپنایا تھا۔