ویرات کوہلی دنیاکےبہترین بلے باز ہیں، محمد عامر

 
0
321

لاہور  جولائی 18(ٹی این ایس): فاسٹ بالر محمد عامر نے بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی کو دنیا کا بہترین بلے باز قرار دے دیا۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ بالر محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فینز کے ساتھ سوال جواب کا سیشن رکھا۔سوالات کے دوران ایک فین نے ان سے پوچھا کہ ان کی نظر میں دنیا کا بہترین بلے باز کون ہے تو محمد عامر نے بھارتی کپتان ویرات کا نام لیا۔

جب عامر سے پوچھا گیا کہ انگلینڈ کے جو روٹ، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ اور بھارت کے ویرات کوہلی میں سے بہترین کون ہے تو یہاں بھی عامر نے ویرات کے حق میں ہی جواب دیا۔ایک سوال میں عامر سے پوچھا گیا کہ انھوں نے پہلی دفعہ چیمپیئنز ٹرافی کھیلتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کی وکٹ حاصل کی اور حالیہ ایونٹ میں ویرات کی وکٹ لی تو کسے زیادہ انجوائے کیا جس پر فاسٹ بالر نے جواب دیا کہ دونوں کھلاڑیوں کو آوٹ کرکے انہیں برابر خوشی ہوئی۔

جب ان سے کرکٹ آئیکون کے بارے میں پوچھا گیا تو محمد عامر نے وسیم اکرم کا نام لیا۔محمد عامر کے بھارتی فینز نے بھی سیشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور انھیں بہترین کرکٹر اور انسان قرار دیا۔ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا، ‘میرا تعلق بھارت سے ہے اور آپ نے دل جیت لیا ہم سب کا ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘اگرچہ عامر کا تعلق حریف ٹیم سے ہے، لیکن ان کی بالنگ کی تعریف کرنی پڑے گی۔