مسلم لیگ (ن) کا شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے کی خوشی میں جشن ،مٹھائیاں تقسیم کیں گئیں، نوافل ادا کیے گئے

 
0
1415

لاہور فروری 14 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پارٹی صدر محمد شہباز شریف کی آشیانہ ہائوسنگ اور رمضان شوگر مل کیس میں ضمانت منظور ہونے کی خوشی میں مختلف مقامات پر جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئی ، کارکنوں نے شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے ،جبکہ وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ لیگیوں کی لڈیوں پر حیرانگی ہے ، ایسے جشن منایا جارہا ہے جیسے شہباز شریف کرپشن کیسوں سے با عزت بری ہو گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی آشیانہ ہائوسنگ اور رمضان شوگر مل کیس میں ضمانت منظور ہونے خبر ملتے ہی کارکنوں نے اپنی قیادت کے حق میں او رحکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی ۔عدالتی فیصلے پر رہنمائوں اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکباد بھی دی ۔پارٹی صدر کی ضمانت منظور ہونے کی خوشی میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی جانب سے مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں جبکہ کارکنوں نے شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے ۔مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کی قیادت میں لاہور آفس میں جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی غزالی سلیم بٹ ، سمیع اللہ خان، چوہدری شہباز، سعدیہ تیمور ،جاوید مرزا،نذیر خان سواتی، میاں طارق سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو اپنی قیادت کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز ملک نے کہا کہ شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،اللہ نے ہمیں سرخرو کیا ہے،آج حق اور سچ کی فتح کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب شہباز شریف کے خلاف اپنے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا،اتنے مشکل حالات کے باوجود شہباز شریف نے عدالتوں پر یقین قائم رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ شہباز شریف کی طرح نواز شریف بھی جلد رہا ہوکر عوام کے درمیان ہوں گے۔نواز شریف کی رہائی کے بعدلیگی قیادت ایک بار پھر ملک اور قوم کی خدمت کیلئے کمر بستہ ہو جائیگی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جعلی مینڈیٹ سے آئی ہے انہیںعوام نے ووٹ نہیں دیا۔ پی ٹی آئی میں جن لوگوں پر کرپشن کے الزامات ہیں انہیںکوئی نہیں پوچھتا۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت جب سے بنی ہے لڑکھڑا رہی ہے،ابھی تک جتنی بے نامی جائیدادیں نکلی ہیں وہ عمران خان کے خاندان کی نکلی ہیں وہ جائیدادیں واپس لے کر آئیں۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ آج بہت پر مسرت موقع ہے، قوم کو شہباز شریف کی رہائی مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف پر کرپشن کے درجنوں مقدمات کا دعوی کیا،فیاض الحسن چوہان کو کچھ بھی کہنے سے پہلے عدالت کے فیصلے کا انتظار کر لینا چاہیے تھا۔ انہوںنے کہا کہ نہ فیاض الحسن چوہان میں خوف اورحیا ہے اور نہ ہی ان کے لیڈر میں ایسا کچھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید شہباز شریف کے اسمبلی میں آنے سے ڈرتے ہیں اس لئے واویلا کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حکومت تھوک کر چاٹ رہی ہے،عمران خان کہتے تھے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے بہتر ہوگا خود کشی کرلوں ، موجودہ حکومت خود چل کر ائی ایم ایف کے پاس گئی جبکہ نواز شریف کے دور میں خود آئی ایم ایف چل کر آتی تھی،موجودہ حکومت کا انڈوں اور مرغیوں کا پلان فلاپ ہو گیا ہے،حکومت کو چاہیے کہ عوام کو بھی علیمہ خان کی اربوں روپے کمانے والی سلائی مشینوں جیسا کاروبار دیں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف احتجاجاً ہسپتال سے واپس گئے کیونکہ حکمرانوںنے علاج کے نام پر تماشہ لگا رکھا تھا ۔ٹروپ ٹیسٹ 15روز تک مثبت رہتا ہے لیکن جب آپ 20سے 25روز بعد ٹیسٹ کریں گے تو اس کا نتیجہ صحیح نہیں آئے گا۔ امراض قلب کے پروفیسرزپر مشتمل بورڈ نے بھی سفارش کی کہ نواز شریف کی انجیو گرافی ہونی چاہیے لیکن ان کی انجیو گرافی نہیں کرائی گئی ۔حکمران چاہتے تھے کہ نواز شریف کی طبیعت زیادہ خراب ہو اور وہ ملک سے باہر چلے جائیں لیکن نواز شریف پر آفرین ہے کہ وہ ڈٹ کر کھڑے رہے اور حکمرانوں سے علاج کی بھیک نہیں مانگی ، این آر او نواز شریف کی نہیں بلکہ حکمرانوں کی خواہش ہے ،ہمیں کبھی این آر او کا خیال نہیں آیا ہم نے ہمیشہ اپنے رب سے رحم مانگا ہے اور عوام سے دعائوں کا صدقہ مانگا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ناچنے گانے والی حکومت مدینہ کی ریاست کا خواب کیسے پورا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی باعزت رہائی اورحمزہ شہباز کو کلین چٹ ملنے کا مطلب ہے کہ (ن)لیگ کا اچھا دور جلد آنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تکبر نہیں کرتے بلکہ عاجزی سے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں ۔کارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ اس پرمسرت موقع پر رب کے حضور شکرانے کے نوافل ادا کریں۔اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے ملک و قوم کی سلامتی اپنی قیادت کی صحتیابی اور درازی عمر کے لئے دعا بھی کرائی جبکہ رہنمائوں اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی اور قیادت کے حق میں نعرے لگائے ۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر لیگی کارکنوں کے جشن پر کہا کہ ان کے جشن پر حیرانی ہے ، ایسا جشن منایا جارہا ہے جیسے شہباز شریف کرپشن کیسوں سے با عزت بری ہو گئے ہیں۔(ن) لیگ سے وابستگی رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے بھی شہباز شریف کی ضمانت منطو رہونے کی خوشی میں جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔