سعودی ولی عہد اور وزیراعظم عمران خان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے سربراہ ہوں گے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جتنے بھی معاہدے ہوں گے ان کی نگرانی کونسل خود کرے گی۔ وفاقی وزیراطلاعات کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد فروری 15 (ٹی این ایس): وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاک سعودی عرب کے درمیان کونسل قائم کی جائے گی، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم عمران خان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے سربراہ ہوں گے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جتنے بھی معاہدے ہوں گے ان کی نگرانی کونسل خود کرے گی۔ آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کل پاکستان کے دو روزہ دورے پر پاکستان آرہے ہیں۔اس دورے سے پاک سعودی عرب تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہدکا پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔سعودی ولی عہد کے جہاز کو پاک فضائیہ کے طیارے سلامی دیں گے، اسی طرح انہیں 21 توپوں کی بھی سلامی دی جائے گی۔فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سعودی ولی عہد کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائے گا۔جبکہ ایوان صدر میں سعودی ولی عہد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جائے گا۔اسی طرح سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کوپاکستان کا اعلیٰ ترین اعزاز بھی دیا جائے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تمام معاہدوں کیلئے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ وفاقی وزیراطلاعات نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سپریم کوآرڈینیشن کونسل قائم کی گئی ہے۔سعودی ولی عہد اور وزیراعظم عمران خان کونسل کے سربراہ ہوں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جتنے بھی معاہدے ہوں گے ان کی نگرانی کونسل خود کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے 2 نئے شہروں کیلئے افرادی قوت فراہم کی جائے گی۔پاک سعودیہ ورکنگ گروپ ملکر کام کریں گے۔ فواد چودھری نے کہاکہ سعودی عرب اور یواے ای سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے۔ یواے ای کے ساتھ ویزہ حصول کے پراسس میں نرمی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی آمد پر ریڈزون میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ جبکہ باقی کسی جگہ پر سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا لوگوں کو آنے جانے میں آسانی ہوگی۔