ماضی میں نمائشی منصوبوں پر توجہ دی گئی، بنیادی مسائل حل نہ کئے گئے، سابق دور کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا

 
0
455

لاہور فروری 25 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے جبکہ سابق دور میں صوبے کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر دھوکہ دیا گیا اور صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل سے پہلو تہی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں صرف نمائشی منصوبوں پر توجہ دی گئی اور عوام کے بنیادی مسائل حل نہ کئے گئے جس کی وجہ سے سابق دور کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورتیں پوری کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے اور وزیراعظم عمران خان کے عوامی خدمت کے ایجنڈے کو مکمل کریں گے اور کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ کے ہر شہری کیلئے تعلیم اور صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دور کرکے ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی پنجاب کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے فنڈز فراہم کر رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو مد نظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات کو ڈویلپ کرنے کے منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔جنوبی پنجاب کے متعدد مقامات میں سیاحت کے فروغ کا پوٹینشل موجود ہے۔ سیاحت کیلئے موزوں ترین علاقوں کو نظرانداز کرنا ماضی کے حکمرانوں کا بدترین عمل ہے۔سیاحت بڑھے گی تو روزگار آئے گا اور عوام خوشحال ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں آج بھی گنداپانی پیا جاتا ہے جبکہ صاف پانی کے پروگرام کے نام پر اربوں اجاڑ دیئے گئے۔ میرے دور میں کوئی پسماندہ علاقہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا۔ عوامی وزیراعلیٰ ہوں، عوام کے درمیان جا کر خوشی محسوس ہوتی ہے۔