سندھ مدرسہ بورڈ دیہی علاقوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، اعلی درجے کی ٹیچرز ٹریننگ اکیڈمی قائم کرنا چاہتا ہوں جس میں ایس ایم بورڈ کا تعاون اور شرکت درکار ہوگی،مراد علی شاہ کی و فد سے بات چیت

 
0
420

کراچی مارچ 12 (ٹی این ایس): وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ مدرسہ بورڈ خان بہادر حسن علی آفندی نی1885 میں قائم کیا تھا اور یہ ایک قدیم اور معتبر بورڈوں میں سے ایک ہے جوکہ پسماندہ بالخصوص کراچی کے دیہی علاقوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو وزیراعلی ہاؤس میں آئے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کی جسکی قیادت مظہر الحق صدیقی کررہے تھے۔وفد کے دیگر اراکین میں شفیق الرحمن پراچہ، اشفاق میمن، حکیم بلوچ، ڈاکٹر شائستہ آفندی، اکرم بلوچ اور حنیف بلوچ شامل تھے۔ انھوں نے انھیں تعلیم کے فروغ بالخصوص پبلک پرئیویٹ پارٹنرشپ موڈ کے تحت شامل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ سندھ مدرسہ بورڈ پہلے ہی حکومت کے ساتھ کام کررہا ہے اور وزیراعلی سندھ چاہتے ہیں کہ انکے ساتھ شراکت کو مزید مستحکم بنایا جائے۔شفیق پراچہ اور اشفاق میمن نے وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انکے آٹھ تعلیمی ادارے ہیں جوکہ حکومت نے لیے ہوئے ہیں ان اداروں نے ایس ایم لیاری اسکول ، ایس ایم گرلز اسکول، ایس ایم آرٹس کالج، ایس ایم سائنس کالج، ایس ایم لا کالج، ایس ایم بی فاطمہ جناح گرلز سیکنڈری اسکول، ایس ایم کامرس انٹرمیڈیٹ کالج ، ایس ایم کامرس ڈگری کالج ، ایس ایم سائنس ڈگری کالج ، ایس ایم بی گرلز پرائمری اسکول اور ایس ایم بی فاطمہ جناح گرلز کالج شامل ہیں۔ایس ایم بورڈ نے وزیراعلی سندھ سے درخواست کی کہ ان اسکولوں کی انتظامیہ انھیں منتقل کی جائے اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ حکومت ایس ایم بورڈ کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ساتھ کام کرسکتی ہے خاص طور پر وہ اسکول جوکہ بورڈ کی ملکیت ہوں اور دیگر اسکولوں کیلیے بھی۔ مراد علی شاہ نے سیکریٹری تعلیم (اسکول اینڈ کالجز)کو ہدایت کی کہ وہ ایس ایم بورڈ کی جانب سے کی جانے والی درخواست کا جائزہ لے کر انھیں رپورٹ دیں۔انھوں نے کہا کہ میں اس بات پر پوری طرح سے مطمئن ہوں کہ ایس ایم بورڈ نے کراچی کے دیہی علاقوں میں اچھے اسکول قائم کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان میں قائداعظم پبلک اسکول اور درسانو چنو قابل ذکر ہیں۔ شفیق پراچہ نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ قائداعظم پبلک اسکول ابتدائی طور پر ایس ایم بورڈ نے پرائمری سطح سے شروع کیا تھا اور اب یہ ہائیر سیکنڈری اسکول بن چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایس ایم بورڈ نے صوبہ کے دیہی علاقوں سے آنے والے طلبا کیلیے ایک سینئر اسٹودنٹ ہاسٹل قائم کیا ہے۔ اشفاق میمن نے کہا کہ اس وقت ایس ایم بورڈ کراچی کے دیہی علاقوں میں آٹھ اسکول چلا رہا ہے اور اس کے انرولمنٹ اور معیار اعلی و شاندار ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایس ایم بورڈ حکومت کے 35 بند اسکولوں کی بھی دیکھ بھال کررہا ہے جہاں پر 9 ہزار طلبا معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے ایس ایم بورڈ کی درخواست پر کہا کہ بورڈ کو ایجوکیشن سٹی میں مزید جگہ دی جائے گی۔ بورڈ نے ایجوکیشن سٹی میں پہلے ہی 200 ایکڑ زمین خرید رکھی ہے جہاں پر قائداعظم اسکول کام کرر ہا ہے۔ مراد علی شاہ نے سندھ مدرسہ کے لیے انڈونمنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دی تاکہ غریب طلبا اسکالرشپ و دیگر سہولیات مثلا ہاسٹل اور دیگر حاصل کرسکیں۔مراد علی شاہ نے ایس ایم بورڈ پر زور دیا کہ وہ ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کیلیے بھی کام کریں ۔ انھوں نے کہا کہ میں ایک اعلی درجہ کی ٹیچرز ٹریننگ اکیڈمی قائم کرنا چاہتا ہوں جس میں ایس ایم بورڈ کے تعاون اور شرکت درکار ہوگی۔ وزیراعلی سندھ نے بورڈ کو بتایا کہ وہ بہت جلد انکے اسکولز کا دورہ کریں گے اور انکی تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے ۔