اسلام آباد مارچ 12 (ٹی این ایس): وفاقی حکومت نے سرکاری اسکیم کے تحت حج کی قرعہ اندازی کا اعلان کردیا ہے، رواں سال ایک لاکھ 84ہزار کا سرکاری کوٹہ ہے، آئندہ دو گھنٹے میں قرعہ اندازی کے نتائج ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے،80سال سے زائد اور مسلسل 3سال ناکام رہنے والے بغیرقرعہ اندازی کامیاب قرار دیے گئے ہیں،چار ایئرپورٹس سے عازمین حج سعودی عرب جائیں گے۔وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ رواں سال کیلئے ایک لاکھ 79ہزار کا سرکاری کوٹہ تھا ، جس میں 5ہزار بڑھانے سے اب ایک لاکھ 84ہزار کا کوٹہ ہوگیا ہے۔جبکہ 2لاکھ 16ہزار 623عازمین نے درخواستیں جمع کروائیں۔کشمیر سے 2ہزار 316، فاٹا 4ہزار 314، گلگت بلتستان سے 2ہزار 422درخواستیں موصول ہوئیں۔پنجاب سے ایک لاکھ 8ہزار،خیبرپختونخواہ 40ہزار 572، سندھ 49ہزار سے زائد، بلوچستان سے 10ہزار سے زائد عازمین کی درخواستیں موصول ہوئیں۔80سال سے زائد عمر کے 2ہزار عازمین کی درخواستیں موصول ہوئیں۔60فیصد کوٹہ سرکاری اور 40فیصد کوٹہ پرائیویٹ اسکیم کا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نتائج کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس کی جائے گی۔آئندہ دو گھنٹے میں قرعہ اندازی کے نتائج ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چار ایئرپورٹس پر حجاج کو امیگریشن کی سہولت دی گئی ہے۔چار ایئرپورٹس پر حجاج کی کسٹم کلیئرنس ہوگی۔اسلام آباد، لاہور ، پشاور اور کراچی ایئرپورٹس سے حجاج سعودی عرب جائیں گے۔ایئرپورٹس پر حجاج کرام کیلئے آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔حجاج کو ٹرین کی سہولت بھی میسر آئے گی۔وفاقی وزیرمذہبی امور نے مزید کہا کہایسے عازمین جوتین سال سے مسلسل درخواستیں دیتے رہے، لیکن ان پرقسمت کے دروازے بند تھے۔اب نئے پاکستان میں 12ہزارلوگ حج کیلئے جائیں گے، ان کی قسمت کے دروازے کھل گئے ہیں۔80سال سے زائد عمر لوگ قرعہ اندازی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔عمررسیدہ اور مسلسل 3سال ناکام رہنے والے 12ہزار عازمین بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرارپائے ہیں۔