پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ ، تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی، تھرکول کے 330 میگاواٹ پاورپلانٹ سے نیشنل گرڈ کو بجلی دے دی گئی

 
0
343

تھرپارکر مارچ 19 (ٹی این ایس): پاکستان میں تھر سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھرکول کے 330 میگاواٹ پاورپلانٹ سے نیشنل گرڈ کو بجلی دے دی گئی ہے۔ نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی کے موقع پر تھرکول اتھارٹی کے ملازمین نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور خوشی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس حوالے سے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج پاکستان کے لیے بڑا دن ہے۔تھرکول سے بجلی بنانے والے پہلے 330 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کو نیشنل گریڈ سے منسلک کردیا گیا ہے۔

سندھ میں مقامی کوئلے سے 660 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والا ایک اور پاور پلانٹ بھی 2019ء میں ممکنہ طور پر کام شروع کر دے گا۔ تھر میں کوئلے کے ذخائر کو 13بلاکس میں تقسیم کیا گیا۔98 مربع کلو میٹر کا رقبہ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے پاس ہے جس میں1.57 بلین ٹن کوئلہ موجود ہے جس کے ذریعے آئندہ پچاس برس تک 5 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی۔ تھر کوئلے سے حا صل ہو نے والی بجلی کے نرخ ابتدا میں 17.4 جو 8 سال کے اندر کم ہو کر08.2 روپے فی یونٹ رہ جائیں گے۔ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی عوام کو مبارکباد پیش کی۔حکومت سندھ اور نجی کمپنیوں کے اشتراک سے یہ منصوبہ دو ہزارگیارہ میں دوسو ارب کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ملازمین نے اظہار مسرت کے طور پر ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی اور کامیاب قدم اٹھنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر بھی ادا کیا۔ ماہرین کے مطابق تھر کول ایک ایسا پراجیکٹ ہے جس کی وجہ سے تھر میں پایا جانے والا کوئلہ ملک میں توانائی بحران کے حل کا ضامن ہے۔